لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

ایران کاامریکاکوسخت پیغام،فوجی کارروائی کے سنگین نتائج ہوں گے

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

تہران: ایرانی فوج نے امریکہ کو سخت لہجے میں خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی حملے شروع کیے تو مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کا دائرہ محدود نہیں رہے گا بلکہ پورے خطے میں پھیل جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی فوج کے ترجمان محمد اکرمینیا نے سرکاری ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو اسرائیل کے اثر و رسوخ میں آ کر کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرنا چاہیے جو خطے کو مزید تباہی کی طرف دھکیلے۔

ترجمان ایرانی فوج محمد اکرمینیا نے کہا “اگر امریکہ اسرائیل کی پالیسیوں کی پیروی کرتے ہوئے دوبارہ ایران پر فضائی حملے کرتا ہے یا جنگ جاری رکھنے پر اصرار کرتا ہے، تو اس کے نتائج پورے خطے کو بھگتنے ہوں گے۔ ایران کا موقف واضح ہے—دوبارہ فوجی کارروائی کی صورت میں موجودہ تنازع کا جغرافیائی دائرہ مزید وسیع ہو جائے گا۔”

ایرانی فوج کا یہ سخت بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دورۂ واشنگٹن کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ امریکی قیادت اور نیتن یاہو کے درمیان ملاقات میں ایران کے خلاف پالیسی اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

دفاعی اور سیاسی تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ اور ایران کے درمیان براہِ راست فوجی تصادم دوبارہ شروع ہوا تو سیکیورٹی اور بحری راستوں کی ناکہ بندی شدید متاثر ہو گی اسکے ساتھ خام تیل کی قیمتیں اور سپلائی چین درہم برہم ہو سکتی ہیں۔ عالمی برادری کشیدگی کو کم کرنے اور وسیع تر جنگ کو روکنے کے لیے سفارتی سطح پر متحرک ہے۔