نیویارک: نیویارک شہر کے میئر زہران کوامے ممدانی نے ‘نیویارک سٹی اکنامک ڈویلپمنٹ کارپوریشن’ (NYCEDC) کی قیادت کے لیے اہم تقرریوں کا اعلان کیا ہے۔
40 سال سے زائد کا پبلک سیکٹر تجربہ رکھنے والے سینئر منتظم اینتھنی شورِس (Anthony Shorris) کو NYCEDC کا صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) مقرر کیا گیا ہے، جبکہ فیڈرل ٹریڈ کمیشن (FTC) کی سابق چیئر لینا خان (Lina Khan) کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیئرپرسن کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
یہ تقرریاں ممدانی انتظامیہ کے اس بنیادی ویژن کا حصہ ہیں جس کے تحت نیویارک کو محنت کش طبقے کے لیے زیادہ قابلِ برداشت (Affordable) اور معاشی طور پر مستحکم بنانا ہے۔ NYCEDC شہر کی ملکیتی زمینوں، فنانسنگ اور سرمایہ کاری کا استعمال کرتے ہوئے مناسب قیمت کے گھروں (Affordable Housing) کی تعمیر، بہترین روزگار کے مواقع، اور پانچوں اضلاع میں چھوٹے کاروباروں کی معاونت کو یقینی بنائے گی۔
اینتھنی شورِس: اس سے قبل میئر بل ڈی بلازیو کے دور میں فرسٹ ڈیپٹی میئر، پورٹ اتھارٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، نیویارک محکمہ تعلیم کے ڈیپٹی چانسلر اور محکمہ مالیات کے کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
لینا خان: فیڈرل ٹریڈ کمیشن (FTC) کی سابق چیئر کی حیثیت سے انہوں نے صارفین کے حقوق، اجارہ داری کے خاتمے اور غیر منصفانہ معاہدوں کے خلاف تاریخی اقدامات کیے۔ فی الوقت وہ کولمبیا لا اسکول میں پروفیسر ہیں۔
میئر ممدانی نے اس موقع پر کہا:”شہر میں حقیقی معاشی انصاف کے حصول کے لیے ہمیں اپنی معیشت کو بڑھانا ہوگا اور ایسے روزگار پیدا کرنے ہوں گے تاکہ نیویارکرز یہیں مقیم رہ سکیں۔ ٹونی شورِس نے دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر سے ثابت کیا ہے کہ معاشی ترقی میں محنت کش طبقے کو شامل کرنا ممکن اور ضروری ہے۔ دوسری طرف لینا خان نے صارفین اور محنت کشوں کے حقوق کی جنگ لڑی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ٹیم نیویارک کی معاشی ترقی کو ایک نئے اور منصفانہ دور میں داخل کرے گی۔”
انتظامیہ نے کلئیر نیومین (Clare Newman) کو ‘دی ٹرسٹ فار گورنرز آئی لینڈ’ اور لنڈسے گرین (Lindsay Greene) کو ‘بروکستھ نیوی یارڈ ڈویلپمنٹ کارپوریشن’ کے صدور کے طور پر ان کی عہدوں پر دوبارہ برقرار رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے





