نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے محکمہ ہاؤسنگ پریزرویشن اینڈ ڈیولپمنٹ (HPD) اور میئر زہران ممدانی نے ٹینمنٹ میوزیم (Tenement Museum) میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ‘رینٹل رِپ آف رپورٹ’ (Rental Ripoff Report) جاری کرنے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ یہ تاریخی رپورٹ ان اصلاحات کا ایک جامع پیکیج ہے، جو اس سال نیویارک کے پانچوں اضلاع (Boroughs) میں منعقد ہونے والی ‘رینٹل رِپ آف سماعتوں’ کے دوران 2,400 سے زائد نیویارکرز کے حاصل کردہ تجربات اور شکایات کی روشنی میں تیار کی گئی ہے۔
یہ رپورٹ براہ راست ان حقائق پر مبنی ہے جو کرایہ داروں نے انتظامیہ کو بتائے۔ نیویارک کے متعدد شہری اپنے گھروں میں پھپھوندی (Mold)، حشرات الارض (Pests)، غیر محفوظ حالات، مبہم فیسوں اور سب سے بڑھ کر ایسے مکان مالکان (Landlords) کے ساتھ رہنے پر مجبور ہیں جو اپنی بنیادی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ کرایہ داروں کی ان کہانیوں کو بنیاد بنا کر اب 23 نئی ہاؤسنگ پالیسیوں کا خاکہ تیار کیا گیا ہے جو کرایہ داروں کے تحفظ کو مزید مضبوط بنائیں گی۔

ان اقدامات میں ہاؤسنگ کوڈ کے نفاذ کو جدید بنانا، رینٹل مارکیٹ میں شفافیت کو بہتر بنانا اور غفلت برتنے والے مکان مالکان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر جوابدہ بنانا شامل ہے۔ یہ نئی اصلاحات نیویارک سٹی کے وسیع تر ہاؤسنگ پلان “بلاک بائی بلاک: دی ہاؤسنگ پلان فار اے نیو ایرا” کا حصہ ہیں، جس کا مقصد نہ صرف سستے گھروں کی تعمیر اور ان کا تحفظ ہے، بلکہ یہ یقینی بنانا بھی ہے کہ ہر نیویارک واسی ایک محفوظ اور باوقار گھر میں زندگی گزار سکے۔
میئر زہران ممدانی نے آواز اٹھانے والے ہزاروں کرایہ داروں، ان کا ساتھ دینے والے سماجی کارکنوں اور کمیونٹی پارٹنرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان سماعتوں کو ممکن بنایا اور شہر میں ہاؤسنگ کے نظام کو منصفانہ بنانے کے لیے اپنا اہم ترین کردار ادا کیا۔





