نیویارک: طبی ماہرین نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک انتہائی خطرناک رجحان ’بیناڈرل چیلنج‘ (Benadryl Challenge) کے خلاف سخت وارننگ جاری کی ہے۔
یہ چیلنج نوجوانوں کو الرجی کی عام دوا ‘ڈائی فین ہائیڈرامین’ (Diphenhydramine)، جو عام طور پر بیناڈرل میں پائی جاتی ہے، انتہائی خطرناک مقدار میں لینے پر اکساتا ہے۔
سان ڈیاگو کے ‘ریڈی چلڈرنز ہسپتال’ (Rady Children’s Hospital) کے حکام کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کم از کم 5 بچوں کو اس چیلنج کی وجہ سے ایمرجنسی وارڈ لایا گیا ہے۔ ہسپتال کے ماہرِ اطفال ڈاکٹر شاہفر خان کا کہنا ہے کہ اس جان لیوا ٹرینڈ کا شکار زیادہ تر 16 سے 18 سال کے نوعمر بچے اور 20 سے 22 سال کے نوجوان ہو رہے ہیں۔
اس سوشل میڈیا چیلنج میں صارفین کو ملوک (hallucinations/توہمات) کی کیفیت کا تجربہ کرنے کے لیے ایک وقت میں 12 یا اس سے زیادہ گولیاں کھانے کا کہا جاتا ہے۔ جبکہ طبی ماہرین کے مطابق 6 سے 12 سال کے بچوں کے لیے 24 گھنٹے میں زیادہ سے زیادہ خوراک 6 گولیاں اور 12 سال سے زائد عمر کے لیے 12 گولیاں ہیں۔
اوکلاہوما سینٹر فار پوائزن اینڈ ڈرگ انفارمیشن کے ڈائریکٹر سکاٹ شیفر کا کہنا ہے کہ: جس مقدار سے ملوک (hallucinations) پیدا ہوتے ہیں، وہ مقدار زندگی کے لیے خطرناک حد تک مہلک خوراک کے بالکل برابر ہے۔”
امریکی ادارے ایف ڈی اے (FDA) نے 2020 میں ہی اس ٹرینڈ کے خلاف وارننگ جاری کی تھی کہ اس دوا کی ضرورت سے زیادہ مقدار موت کا سبب بن سکتی ہے۔ ماضی میں اوکلاہوما کی ایک 15 سالہ لڑکی اور اوہائیو کے ایک 13 سالہ لڑکے کی موت اسی چیلنج کی وجہ سے ہوئی تھی۔ حال ہی میں ٹیکساس کے فورٹ ورتھ چلڈرنز ہسپتال نے رپورٹ کیا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ میں بیناڈرل کی اوور ڈوز کے باعث 100 سے زائد مریض ایمرجنسی لائے گئے، جن میں سے ایک مریض جاں بحق ہو گیا۔
ڈاکٹر شاہفر خان کے مطابق اس دوا کو بڑی مقدار میں لینے سے دل کی دھڑکن شدید تیز ہو سکتی ہے جو ہارٹ اٹیک (Cardiac Arrest) کا باعث بن سکتی ہے، اس کے علاوہ دورے پڑنا (Seizures) اور شدید ذہنی انتشار بھی شامل ہیں۔
علامات اور والدین کے لیے ہدایات:
طبی ماہرین کے مطابق بیناڈرل کی اوور ڈوز کی علامات میں درج ذیل شامل ہیں:
شدید غنودگی یا بے ہوشی
چہرے کا سرخ پڑ جانا (Flushed look)
شدید بے چینی اور گھبراہٹ
ماہرین نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ اگر بچہ دوا کی زیادہ مقدار لے لے، بے ہوش ہو جائے، سانس لینے میں دشواری ہو یا دورے پڑیں، تو فوری طور پر ایمرجنسی طبی امداد یا پوائزن کنٹرول سینٹر سے رابطہ کریں۔
دوا ساز کمپنی جانسن اینڈ جانسن (Johnson & Johnson) نے بھی اس چیلنج کے خلاف وارننگ جاری کی ہے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ مل کر اس مواد کو ہٹانے پر کام کر رہی ہے۔ ٹِک ٹاک نے اس چیلنج سے وابستہ ہیش ٹیگز پر پہلے ہی پابندی عائد کر دی ہے۔




