ویانا(ویب ڈیسک): آسٹریا نے اپنے ملک میں مقیم تین روسی سفارت کاروں کو جاسوسی کے الزامات کے تحت ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔
آسٹریا کی وزیرِ خارجہ بیاٹے میئنل رائزنگر (Beate Meinl-Reisinger) کے مطابق، ان سفارت کاروں پر سفارتی عمارتوں کی چھتوں پر نصب “اینٹینوں کے جنگل” (Forest of Antennas) کے ذریعے حساس معلومات جمع کرنے کا الزام ہے۔
آسٹریا کے سرکاری نشریاتی ادارے (ORF) کی رپورٹ کے مطابق، ویانا میں روسی سفارت خانے اور سفارتی کمپاؤنڈ کی چھتوں پر جدید ترین اینٹینے نصب تھے، جنہیں سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے ذریعے بین الاقوامی تنظیموں کا ڈیٹا چوری کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ آسٹریا کے انٹیلی جنس اداروں کے لیے یہ اینٹینے طویل عرصے سے دردِ سر بنے ہوئے تھے۔
روسی سفارت خانے نے ان الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے “سیاسی بنیادوں پر مبنی غیر منصفانہ اقدام” قرار دیا ہے۔ روس نے انتباہ جاری کیا ہے کہ ماسکو ان “غیر سنجیدہ اقدامات” کا سخت جواب دے گا۔
ویانا کی ایک طویل تاریخ رہی ہے کہ وہ عالمی سطح پر جاسوسی کا مرکز رہا ہے۔ سرد جنگ کے دوران بھی اپنی غیر جانبدارانہ حیثیت اور ‘آئرن کرٹین’ (Iron Curtain) کے قریب ہونے کی وجہ سے یہ شہر معلومات کے حصول کا اہم ذریعہ تھا۔
آج بھی یہاں اقوامِ متحدہ (UN) اور او ایس سی ای (OSCE) کے ہیڈ کوارٹرز موجود ہیں، جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں سفارت کار یہاں مقیم ہیں، جو مبینہ طور پر سفارتی استثنیٰ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جاسوسی کرتے ہیں۔
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آسٹریا میں حال ہی میں ‘ایگسٹو اوٹ’ (Egisto Ott) نامی سابق انٹیلی جنس افسر پر روسی ایجنٹوں کو معلومات فراہم کرنے کے الزام میں مقدمہ چل رہا ہے۔
اس کیس کا تعلق جرمن کمپنی ‘وائر کارڈ’ کے مفرور ایگزیکٹیو یان مارسلیک سے بھی ہے، جو مبینہ طور پر روسی انٹیلی جنس (FSB) کے لیے کام کرتا رہا ہے۔





