واشنگٹن ڈی سی(ویب ڈیسک): ’پاسپورٹ ڈی سی ایمبیسی اوپن ہاؤس‘ کے موقع پر واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ ثقافت، آرٹ اور روایتی مہمان نوازی کا مرکز بن گیا۔ آج ہونے والی اس تقریب میں 6,000 سے زائد افراد نے شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستان کے بھرپور ورثے اور دلکش نظاروں کا قریب سے مشاہدہ کیا۔
سفارت خانے کی جانب سے مہمانوں کے لیے ایک ناقابل فراموش سفر کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں عالمی سطح پر مشہور ’ٹرک آرٹ‘، نفیس ٹیکسٹائل، عطر، قیمتی پتھر اور دستکاری کے شاہکار نمائش کے لیے پیش کیے گئے۔ شرکاء نے پاکستانی کھانوں کے چٹخاروں اور ہاتھوں پر مہندی کے خوبصورت ڈیزائنوں سے بھی لطف اٹھایا۔
تقریب کی خاص بات اردو خطاطی کے فن پارے اور موسیقی کی روح پرور پرفارمنسز تھیں، جن میں طبلہ، ہارمونیم، بانسری، ڈھول اور روایتی گلوکاری نے سماں باندھ دیا۔ اس اوپن ہاؤس نے امریکی عوام اور بین الاقوامی سیاحوں کو پاکستان کی خوبصورتی اور اس کی گرمجوش ثقافت سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔





