نیویارک (ویب ڈیس): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے جنوبی سوڈان کی صورتحال پر سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بطور ایک بڑا شراکت دار ملک ‘یونائیٹڈ نیشنز مشن ان ساؤتھ سوڈان’ (UNMISS) کے مینڈیٹ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے جنوبی سوڈان کے علاقے ‘بینٹیو’ (Bentiu) میں پاکستانی امن دستوں کی گراں قدر خدمات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ شدید سیلاب سے متاثرہ 3 لاکھ سے زائد افراد کے تحفظ کے لیے پاکستانی انجینئرز نے دن رات کام کیا۔
پاکستانی دستوں نے 80 کلومیٹر سے زائد طویل حفاظتی بند (dykes) اور رکاوٹیں تعمیر کیں اور ان کی دیکھ بھال کی، جس کی بدولت نقل مکانی کرنے والی کمیونٹیز اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پہنچانے والے راستوں کو محفوظ بنایا گیا ہے۔
پاکستانی مندوب نے اس بات پر زور دیا کہ مشن کی تاثیر کا دارومدار میزبان حکام کے تعاون پر ہے، جیسا کہ ‘سٹیٹس آف فورسز ایگریمنٹ’ میں طے شدہ ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ نقل و حرکت پر پابندیاں اور دیگر آپریشنل رکاوٹیں حساس لمحات میں مشن کے کام کو متاثر کر سکتی ہیں۔ پاکستان نے جنوبی سوڈان کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ UNMISS کے ساتھ بھرپور تعاون کرے تاکہ خطے میں امن اور انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔





