ماسکو (ویب ڈیسک): روس نے ملک میں لیبر کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ایک انقلابی ڈیجیٹل پروگرام ’’ٹائم ٹو لو ان رشیا‘‘ متعارف کرایا ہے، جس کے تحت غیر ملکی ماہرین اب صرف 125 دنوں کے اندر روس میں ملازمت اور رہائش حاصل کر سکیں گے۔
روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق، اس پروگرام میں شمولیت کے لیے امیدواروں کو ایک آن لائن فارم اور مختصر سی وی (CV) جمع کروانی ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی اپنی پیشہ ورانہ اہلیت کے ثبوت فراہم کرنا ہوں گے۔ ابتدائی اسکریننگ کے بعد امیدواروں کا آن لائن انٹرویو لیا جائے گا، جس کے بعد زیادہ سے زیادہ 125 دن کے اندر حتمی فیصلہ سنا دیا جائے گا۔
اس پروگرام کی خاص بات یہ ہے کہ کامیاب ہونے والے ہر درخواست دہندہ کو ایک ذاتی منیجر (Personal Manager) فراہم کیا جائے گا۔ یہ منیجر ویزہ کے حصول، سرحدی کارروائیوں (Border Procedures) اور روس میں رہائش کے انتظامات کو یقینی بنانے میں امیدوار کی مکمل معاونت کرے گا۔
پروگرام کا ہدف وہ افراد ہیں جو روسی روایتی اقدار کا احترام کرتے ہوں اور درج ذیل شعبوں میں مہارت رکھتے ہوں:
سائنس دان، محققین اور باصلاحیت طلبہ۔
کاروباری افراد، سرمایہ کار اور کھلاڑی۔
تخلیقی شعبوں اور میڈیا سے وابستہ ماہرین۔





