نیویارک (ویب ڈیسک): امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق منگل کی صبح نیویارک کے مختلف علاقوں میں ہلکے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ اگرچہ زلزلے کی شدت کم تھی، تاہم متعدد افراد نے زمین کے لرزنے کی اطلاع دی۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ 10 مارچ کی صبح 10 بج کر 17 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا، جس کی شدت 2.3 میگنیٹیوڈ تھی۔ اس کا مرکز ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی میں سلیپی ہولو کے قریب بتایا گیا، جو ٹیری ٹاؤن سے تقریباً 0.7 میل شمال مغرب میں واقع ہے۔
ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی کے ایگزیکٹو کین جینکنز کے مطابق محکمہ ایمرجنسی سروسز کو اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سابقہ انڈین پوائنٹ ایٹمی پلانٹ کی سائٹ پر بھی کوئی منفی اثر رپورٹ نہیں ہوا، تاہم حفاظتی اقدامات کے تحت وہاں جائزہ جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے کنیکٹیکٹ اور نیو جرسی سمیت دور دراز علاقوں، حتیٰ کہ پوکیپسی تک بھی محسوس کیے گئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس آنا ایک عام بات ہے، جو آنے والے دنوں یا ہفتوں میں محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ اگرچہ یہ جھٹکے عموماً کم شدت کے ہوتے ہیں، تاہم پہلے سے کمزور عمارتوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
نیویارک کے رہائشی ماضی میں بھی زلزلوں کا تجربہ کر چکے ہیں۔ 5 اپریل 2024 کو نیو جرسی میں آنے والا 4.8 شدت کا زلزلہ خطے میں بڑے پیمانے پر محسوس کیا گیا تھا، جس کے جھٹکے تقریباً 4 کروڑ 20 لاکھ افراد تک پہنچے تھے۔ ماہرین کے مطابق اس خطے میں زلزلے کی لہریں غیر معمولی طور پر طویل فاصلے تک سفر کر سکتی ہیں۔
