لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

میئرظہران ممدانی نےمعروف لیبراٹارنی لزبليڈک (Liz Vladeck)کو’آفس آف لیبرریلیشنز’کانیا کمشنرمقررکردیا

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی (Zohran Kwame Mamdani) نے مزدوروں اور محنت کشوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی ممتاز لیبر اٹارنی اور قانون دان لیز بلیڈک (Liz Vladeck) کو نیویارک سٹی کے ‘آفس آف لیبر ریلیشنز’ (Office of Labor Relations – OLR) کا نیا کمشنر مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔

بطور OLR کمشنر، لیز بلیڈک نیویارک سٹی کے 3 لاکھ 60 ہزار ملازمین کی نمائندگی کرنے والے 150 اجتماعی سودے کاری یونٹوں (Collective Bargaining Units) کے ساتھ لیبر مذاکرات، کنٹریکٹس کے نفاذ، اور ملازمین کی ہیلتھ انشورنس و مراعات کے پروگراموں کی نگرانی کریں گی۔ میئر ظہران ممدانی نے اس موقع پر سابق کمشنر رینی کیمپین (Renee Campion) کی دہائیوں پر محیط خدمات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی ریٹائرمنٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

میئر ممدانی نے کہا کہ “لیز بلیڈک نے اپنی پوری زندگی محنت کشوں کے حقوق کی جنگ لڑتے ہوئے گزاری ہے۔ نیویارک کے پبلک سرونٹس اس شہر کا نظام چلاتے ہیں اور وہ مکمل احترام اور حکومتی تعاون کے مستحق ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ لیز شہر کی یونینز کے ساتھ مل کر تمام پانچوں بورو (Boroughs) کے باشندوں کے لیے بہترین نتائج فراہم کریں گی”۔

لیز بلیڈک نے میئر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “نیویارک شہر اور اس کے محنت کشوں کی خدمت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ میں تمام نیویارکرز کے لیے وسیع معاشی انصاف کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہوں”۔

نیویارک سٹی کونسل کی لیبر کمیٹی کی چیئر شرلی الدیبول (Shirley Aldebol)، CWA ڈسٹرکٹ 1 کے نائب صدر ڈینس ٹرینور، PSC/CUNY کے صدر جیمز ڈیوس اور CSA کے صدر ہینری روبیو سمیت تمام بڑی مزدور یونینز نے میئر ممدانی کے اس فیصلے کی پرزور حمایت کی ہے اور اسے نیویارک کی لیبر ہسٹری کا اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔

لیز بلیڈک نیویارک کی لیبر تحریک کی تیسری نسل سے تعلق رکھتی ہیں۔ وہ نیویارک سٹی پبلک اسکولز (NYCPS) کی چیف لیگل آفیسر، میئر آفس کی سینئر لیبر پالیسی ایڈوائزر اور ڈائریکٹر آف لیبر پالیسی رہ چکی ہیں۔ انہوں نے ہارورڈ اور کولمبیا لا اسکول سے تعلیم حاصل کی ہے۔