نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی (Zohran Mamdani) اور سٹی بائیک کی مالک کمپنی لفٹ (Lyft) نے سٹی بائیک اراکین اور ریڈیوسڈ فیئر بائیک شیئر پروگرام (Reduced Fare Bike Share program) میں شامل شہریوں کے لیے ای-بائیک (E-bike) کے کرایوں کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کرنے کے معاہدے کا اعلان کر دیا ہے.
جس کے تحت 45 منٹ تک کی بعض ای-بائیک رائیڈز کا کرایہ مستقبل قریب کے لیے 3.65 ڈالر پر محدود اور منجمد کر دیا جائے گا۔
شہری انتظامیہ کے مطابق یہ معاہدہ 2029ء تک اراکین کے لیے 45 منٹ تک کے سفر کے کرایوں کو زیادہ سے زیادہ 3.65 ڈالر تک محدود رکھے گا، جبکہ وہ مختصر سفر جن کا کرایہ 3.65 ڈالر سے کم بنتا ہے، وہ اپنی موجودہ کم قیمت پر ہی برقرار رہیں گے۔
نئی مقرر کردہ حد 19 جنوری 2027ء سے نافذ العمل ہوگی اور مین ہٹن (Manhattan) میں داخل ہونے یا وہاں سے نکلنے والے سفر پر لاگو موجودہ 5.40 ڈالر کی حد کی جگہ لے گی۔
معاہدے کے اعلان کے موقع پر میئر ظہران ممدانی نے کہا کہ ”نیویارک سٹی میں آمد و رفت کے ساتھ ایسا پرائس ٹیگ نہیں ہونا چاہیے جو ہر منٹ کے ساتھ بڑھتا جائے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے محنت کش نیویارکرز کے لیے ایک بورو (Borough) سے دوسرے بورو تک سائیکل کی سواری بھی ایک اور اضافی خرچ اور پریشانی بن سکتی ہے۔
معاہدے کے تحت سالانہ رکنیت کی فیسوں (Annual membership fees)، اراکین کی فی منٹ فیسوں (Member per-minute fees) اور اضافی وقت کی فیسوں (Member overage fees) کو بھی 26 مئی 2029ء تک ان کی موجودہ شرحوں پر منجمد رکھا جائے گا۔
اعلان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آئندہ سال کے اوائل میں نیویارک سٹی کے مختلف علاقوں میں 130 سے زائد نئے سٹی بائیک چارجنگ اسٹیشنز (Citi Bike charging stations) نصب کیے جائیں گے، جس سے ای-بائیک صارفین کو بیٹری چارجنگ اور دستیابی میں مزید سہولت میسر آئے گی۔





