نیویارک (ویب ڈیسک):امریکا میں تھینکس گیونگ (Thanksgiving) کی تعطیلات کے مصروف سفری ہفتے کا آغاز ہوتے ہی لاکھوں مسافروں کو فضائی اور زمینی سفر میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جہاں تازہ ترین تکنیکی خرابی نے ڈیلٹا ایئرلائنز (Delta Air Lines) کو متاثر کیا اور اتوار کے روز سسٹم میں خرابی کے باعث ایک ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
ڈیلٹا ایئرلائنز کے مطابق طیارے کے وزن کا حساب لگانے والے خودکار نظام (Automated weight-calculation system) میں خرابی پیدا ہوئی، جس سے فلائٹ آپریشنز متاثر ہوئے۔
دوسری جانب امریکن آٹوموبائل ایسوسی ایشن (AAA) نے پیشگوئی کی ہے کہ اس تھینکس گیونگ پر تقریباً 8 کروڑ 15 لاکھ (81.5 million) امریکی سفر کریں گے، جبکہ اندرونِ ملک راؤنڈ ٹرپ ہوائی ٹکٹوں کی اوسط قیمت 800 ڈالر تک پہنچ گئی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق تھینکس گیونگ کے تقریباً 90 فیصد مسافر سڑکوں کے ذریعے سفر کریں گے۔ AAA اور ٹرانسپورٹیشن ڈیٹا فراہم کرنے والے ادارے INRIX نے خبردار کیا ہے کہ نیویارک سٹی (New York City) جیسے بڑے میٹروپولیٹن علاقوں میں ٹریفک کا رش معمول سے دوگنا سے بھی زیادہ ہو سکتا ہے، جبکہ تھینکس گیونگ سے قبل سفر کرنے کا بدترین وقت 25 نومبر کی سہ پہر اور شام ہوگی۔
ڈرائیوروں کے لیے ایک مثبت پہلو یہ ہے کہ پیٹرول (گیس) کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور نیویارک میں اس وقت اوسط قیمت 4 ڈالر سے کچھ اوپر ہے، جس میں تھینکس گیونگ ڈے تک مزید کمی متوقع ہے۔





