واشنگٹن:امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) نے ہیٹی کے شہریوں کی عارضی تحفظ کی حیثیت (TPS) ختم ہونے کے بعد ہیٹی کے لیے پہلی ڈی پورٹیشن پرواز روانہ کر دی ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، 160 سے زائد تارکینِ وطن کو لے کر جانے والا طیارہ ہیٹی کے شمالی شہر کیپ ہیٹن (Cap-Haïtien) پہنچا ہے۔ دارالحکومت پورٹ او پرنس (Port-au-Prince) میں گینگ وائلنس اور شدید امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث امریکی پروازوں پر پابندی کی وجہ سے طیارے کو شمالی شہر میں اتارا گیا۔
امریکی سپریم کورٹ کے جون کے فیصلے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے تقریباً 3 لاکھ 30 ہزار ہیٹی کے شہریوں اور 6 ہزار سے زائد شامی شہریوں کو حاصل عارضی تحفظ کا خاتمہ کر دیا تھا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے ہیٹی کو تاحال “Level 4: Do Not Travel” (سفر نہ کرنے) کی فہرست میں رکھا ہوا ہے، جہاں مسلح گینگ وائلنس، بدامنی اور طبی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔
اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں ہیٹی میں 3,100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ مہاجرین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپوں نے متنبہ کیا ہے کہ واپس بھیجے جانے والے افراد کو شدید خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔





