نیویارک: نیویارک کے میئر زوہران کوامے مامدانی (Zohran Kwame Mamdani) کی جانب سے تشکیل کردہ کمیشن آن گورنمنٹ ایفی شنسی (COGE) نے ‘ووٹ آن فاسٹر گورنمنٹ’ (Vote on Faster Government) کے عنوان سے ایک بڑی عوامی آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
اس مہم کا بنیادی مقصد نیویارک کے شہریوں کو ان 5 اہم چارٹر تجاویز (Ballot Proposals) کے بارے میں باخبر بنانا ہے جو آئندہ نومبر کے بیلٹ پیپر پر رائے شماری کے لیے شامل کی جائیں گی۔ کمیشن نے اس سلسلے میں ایک آن لائن معلومات ہب (nyc.gov/fast) اور عوامی معلوماتی ویڈیو بھی جاری کر دی ہے۔
تھامس کورس اور 10 عام سماعتوں کے بعد کمیشن نے شہریوں کی سہولت کے لیے درج ذیل 5 تجاویز منظوری کے لیے پیش کی ہیں:
آؤٹ ڈور ڈائننگ کی منظوری کے عمل کو 8 ماہ سے گھٹا کر صرف 2 ماہ (75 فیصد کمی) کر دیا جائے گا۔اس سے چھوٹے تاجروں کے درخواست کی مد میں 1,800 ڈالر تک بچیں گے۔ معذور افراد کے لیے ریمپ اور لفٹس کی منظوری کا وقت 2 ماہ کم ہوگا۔
غیر منافع بخش اداروں (Nonprofits) اور چھوٹے کاروباروں کے لیے سرکاری کنٹریکٹ کی منظوری کا وقت 30 دن تک کم ہو جائے گا۔
سائیکل لینز اور اسٹریٹ سیفٹی کے منصوبوں پر کام کی رفتار 33 فیصد تیز کی جائے گی۔
غیر استعمال شدہ سرکاری زمین اور ایئر رائٹس کی فروخت سے 200 ملین ڈالر کی رقم حاصل کی جائے گی۔
ہاؤسنگ کی تعمیر میں تیزی لانے کے لیے 18 مختلف دفاتر کے 40 منظوریاں اب ایک ہی جگہ سے دستیاب ہوں گی۔
شہر کے طویل المدتی مالیاتی استحکام کے لیے کل ٹیکس آمدنی کا 12 فیصد ہنگامی فنڈ (Rainy-day fund) کے طور پر محفوظ کیا جائے گا۔
کمیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر این چینگ (Ann Cheng) اور چیئر پیٹرک گیسپارڈ (Patrick Gaspard) کے مطابق، مہم کے تحت 13 زبانوں میں معلوماتی مواد کی تقسیم، کمیونٹی لیڈرز کے ساتھ اجلاس اور ڈیجیٹل مہم کے ذریعے شہریوں کو فعال کیا جائے گا۔
مختلف یونینز اور سماجی تنظیموں کے سربراہان بشمول ہوٹل اینڈ گیمنگ ٹریڈز کونسل (HTC) کے صدر رچ ماروکو، 32BJ SEIU کے صدر مینی پاسٹریچ، اور سینٹر فار این اربن فیوچر کے ڈائریکٹر جوناتھن بولز نے اس اقدام کو نیویارک کی جمہوریت اور بہتر انتظامی ڈھانچے کے لیے انتہائی اہم اور خوش آئند قرار دیا ہے





