واشنگٹن / نئی دہلی (ویب ڈیسک): امریکی حکومت نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں (Gurpatwant Singh Pannun) کے قتل کی ناکام سازش پر بھارتی حکومت اور اس کے اعلٰی حکام کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے باضابطہ سفارتی مراسلے (Diplomatic Note) کے ذریعے بھارتی حکومت، قومی سلامتی کے مشیر (NSA) اجیت دوول (Ajit Doval)، اور خفیہ ایجنسی ‘را’ (RAW) کے سابق سربراہان کو نیویارک فیڈرل کورٹ کے نوٹس اور سمن جاری کر دیے ہیں۔
بھارتی معروف جریدے ‘دی ہندو’ (The Hindu) کی رپورٹ کے مطابق، امریکی محکمہ خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ سمن اور عدالتی دستاویزات کا یہ بنڈل 9 اکتوبر 2026ء کو واشنگٹن میں واقع بھارتی سفارت خانے کو باضابطہ سفارتی ذرائع سے موصول کروایا گیا۔
خالصتان کے مرکزی رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے ستمبر 2024ء میں امریکی فیڈرل کورٹ میں بھارتی حکومت، این ایس اے اجیت دوول، سابق را سربراہ سامنت گوئل، وکرم یادو اور نکھل گپتا کے خلاف نااہلی اور سرحد پار ٹارگٹ کلنگ کے قتل کی سازش کا مقدمہ دائر کیا تھا
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز (Reuters) اور بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، فروری 2026ء میں بھارتی ایجنٹ نکھل گپتا (Nikhil Gupta) نے امریکی فوجداری عدالت میں پنوں کے قتل کی سازش سے متعلق تینوں سنگین الزامات تسلیم کر لیے تھے۔ نکھل گپتا کو 2023ء میں را (RAW) کی جانب سے اس قتل کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کینیڈا کے سابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو ستمبر 2023ء میں کینیڈین شہری اور سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھی بھارتی حکومتی ایجنٹوں کے ملوث ہونے کا باضابطہ اور عالمی سطح پر سنسنی خیز اعلان کر چکے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر (DG ISPR) بھی بارہا عالمی برادری کے سامنے یہ موقف واضح کر چکے ہیں کہ بھارت دنیا بھر میں ریاستی دہشت گردی کی سرپرستی، فنڈنگ اور سہولت کاری میں ملوث ہے اور بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اس عالمی دہشت گردانہ شبکے کے “چیف آرکیٹیکٹ” ہیں۔





