کراچی:کراچی میں تعینات امریکی کونسل جنرل چارلس گڈمین (Charles Goodman) نے رواں ہفتے کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے شپنگ، لاجسٹکس اور بحری (Maritime) شعبے میں امریکی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران امریکی کونسل جنرل نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) اور پورٹ قاسم اتھارٹی (PQA) کی اعلیٰ انتظامیہ اور چیئرمینز سے ملاقاتیں کیں اور پورٹ انفراسٹرکچر کی جدید کاری، اے آئی (AI) پر مبنی پورٹ آپریشنز اور تجارتی روابط کو بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی کاروباری ادارے کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم میں جدید ٹیکنالوجی، جدید ترین ٹرمینل اپ گریڈیشن اور اے آئی سے لیس 5th جنریشن پورٹ آپریشنز میں تعاون اور سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔

دورے کے دوران امریکی زرعی محکمے (USDA-APHIS) کے منظور شدہ فائٹو سینیٹری ٹریٹمنٹ اور کولڈ اسٹوریج سہولیات کے قیام کی پیشکش پر گفتگو ہوئی، تاکہ امریکی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات (خصوصاً عام) کی برآمدات کو تیز کیا جا سکے۔

دونوں ممالک نے سمندری تجارت کے نظام کو مضبوط بنانے اور پائیدار لاجسٹکس سپلائی چین کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
امریکی سفارت خانے کے مطابق پاکستان کی بندرگاہوں کا استحکام اور ترقی دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی و سفارتی تعلقات کی مضبوطی کا ضامن ہے۔




