لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

یوکرین میں امدادی مراکز بھی نشانے پر، اقوام متحدہ کا اظہارِ تشویش

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

کیئو / جنیوا: اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی امداد (OCHA) نے یوکرین کے مختلف شہروں کیئو، اوڈیسا اور زاپوریژیا میں حالیہ دنوں کے دوران ہونے والے مہلک حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی پرزور مذمت کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق زاپوریژیا میں ایک ڈرون حملے میں ‘ریڈ کراس’ (Red Cross) کی گاڑی تباہ ہو گئی، جبکہ گزشتہ چند دنوں میں ہونے والے ان حملوں کے نتیجے میں درجنوں شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

یوکرین کے لیے اقوام متحدہ کے ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر متھیاس شمیلے (Matthias Schmale) نے کہا:”پورے ملک میں ان بڑھتے ہوئے حملوں کے نتیجے میں ہونے والا جانی و مالی نقصان انتہائی دل دہلا دینے والا ہے۔”

اقوام متحدہ کے ترجمان کے مطابق ہفتے کے اختتام پر ہونے والے حملوں میں عالمی امدادی اداروں کے گوداموں کو ہدف بنایا گیا:

عالمی فوڈ پروگرام (WFP): ڈنیپرو (Dnipro) میں WFP کے گودام پر چار ڈرون حملے کیے گئے۔ گزشتہ 3 ماہ میں یہ ادارہ ساتویں بار اور گزشتہ دو سالوں میں 90 سے زائد بار حملوں کی زد میں آ چکا ہے۔

یونیسیف (UNICEF): بیلوہورودکا (Bilohorodka) میں یونیسیف کے کانٹریکٹ شدہ گودام پر حملہ کیا گیا، جہاں 3.9 ملین ڈالر مالیت کی 1,06,000 سے زائد امدادی اشیاء (جن میں جنریٹرز، پینے کا پانی، صفائی کی کٹس اور واٹر ٹینک شامل ہیں) موجود تھیں۔

عالمی ادارہ صحت (WHO): کیئو کے علاقے میں عالمی ادارہ صحت کے گودام کو بھی نقصان پہنچا۔

ان تمام تر چیلنجز کے باوجود اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں نے فرنٹ لائن کمیونٹیز (خیرسن) تک 11 میٹرک ٹن ایمرجنسی امداد اور ادویات پہنچائی ہیں۔

اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (UNICEF) نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے حملوں میں 2 بچے ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوئے۔ ادارہ برائے اطفال کے مطابق جون کا مہینہ 2022 کے بعد سے اب تک بچوں کے جانی نقصان کے اعتبار سے سب سے مہلک ترین مہینہ رہا، جس میں 7 بچے ہلاک اور 116 زخمی ہوئے۔

یونیسیف نے اپنے بیان میں واضح کیا “یہ حملے اور ہولناک راتیں اب بند ہونی چاہئیں۔ بچوں اور انسانی امداد فراہم کرنے والے مراکز کا تحفظ یقینی بنایا جائے، یوکرین کے بچوں کو سب سے زیادہ ایک پائیدار امن کی ضرورت ہے۔”