واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے مڈ ٹرم انتخابات سے قبل عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے صدر کی 2024ء کی صدارتی مہم کے جیسے سیاسی اشتہارات ٹی وی پر نشر کرنا شروع کر دیے ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے ان سیاسی طرز کے اشتہارات کو “پبلک سروس اناؤنسمنٹس” (PSA) قرار دے کر اس اقدام کا دفاع کیا ہے۔
30 سیکنڈ پر مشتمل اس بلیک اینڈ وائٹ ویڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک راہداری میں چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ان کی آواز میں “گلوبلسٹوں” اور “جنگ کے حامیوں” کے خلاف “آخری جنگ” کا انتباہ سنائی دیتا ہے۔ ویڈیو کے آخر میں پیغام تحریر آتا ہے: “اس کے اخراجات امریکی حکومت نے ادا کیے ہیں” (Paid for by the U.S. Government)۔
ایڈورٹائزنگ کا ڈیٹا فراہم کرنے والے ادارے ‘ایڈ امپیکٹ’ (AdImpact) کے مطابق اس نئے اشتہار کی نشریات پر اب تک تقریباً 3 لاکھ 19 ہزار ڈالر کا سرکاری پیسہ خرچ کیا جا چکا ہے۔
اشتہار میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے: “آپ کے تعاون سے ہم ‘ڈیپ اسٹیٹ’ کو ختم کریں گے، حکومت سے جنگ کے حامیوں اور گلوبلسٹوں کو نکال باہر کریں گے، اور امریکہ کو ان بدعنوانوں سے آزاد کرائیں گے”۔
ڈیموکریٹ اور ریپبلکن دونوں جماعتوں کے قانون سازوں نے سیاسی مہم کے لیے عوام کے ٹیکس ڈالرز کے استعمال پر شدید تنقید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ماضی کے صدر پالیسیوں کو فروغ دیتے تھے، جبکہ یہ اشتہارات شخصیات پر مبنی ہیں۔
وائٹ ہاؤس نے تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ: “یہ مہم کے اشتہارات نہیں ہیں کیونکہ صدر ٹرمپ بیلٹ پیپر پر موجود نہیں ہیں اور نہ ہی اس میں ووٹ مانگا گیا ہے۔ یہ محض امریکیوں کو اپنے وطن سے محبت یاد دلانے کے لیے پبلک سروس اناؤنسمنٹ ہے”۔
اس اشتہار کے علاوہ ماؤنٹ رش مور (Mount Rushmore) اور ٹیکس میں کمی سے متعلق بھی چند منٹوں کے سرکاری اشتہارات نشر کیے جا رہے ہیں۔



