لندن: برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر کو جمعہ کے روز ہونے والے مقامی اور علاقائی انتخابات میں شدید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ صرف دو سال قبل عام انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے والی لیبر پارٹی کو اپنے روایتی گڑھ سمجھے جانے والے علاقوں میں بھی بدترین شکست ہوئی ہے، جس کے بعد کیئر اسٹارمر کے بطور وزیرِ اعظم مستقبل کے حوالے سے شکوک و شبہات پیدا ہو گئے ہیں۔
انتخابی نتائج کے مطابق، لیبر پارٹی کو وسطی اور شمالی انگلینڈ کے صنعتی علاقوں سمیت لندن کے کئی حصوں میں بھی ووٹرز کے غصے کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سیاسی خلا کا سب سے بڑا فائدہ نائجل فراج کی ‘ریفارم یو کے’ (Reform UK) پارٹی کو ہوا، جس نے اب تک انگلینڈ میں 200 سے زائد کونسل نشستیں جیت کر سب کو حیران کر دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ریفارم یو کے اب سکاٹ لینڈ اور ویلز میں بھی ایک بڑی اپوزیشن بن کر ابھر رہی ہے۔
حالات کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ لیبر پارٹی کو مانچسٹر کے قریب ‘ٹیم سائیڈ’ (Tameside) کونسل میں 50 سال بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں ریفارم یو کے نے تمام 14 نشستیں جیت لی ہیں۔ اسی طرح وگن اور سالفورڈ جیسے مضبوط قلعوں میں بھی پارٹی کا صفایا ہو گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، کیئر اسٹارمر کی حکومت کی جانب سے پالیسیوں میں بار بار تبدیلی (U-turns) اور پیٹر مینڈلسن جیسے متنازع تقرر و برطرفی کے اسکینڈلز نے عوام میں ان کا اعتماد کم کر دیا ہے۔ اگر لیبر پارٹی سکاٹ لینڈ اور ویلز میں بھی ناکام رہتی ہے، تو کیئر اسٹارمر پر مستعفی ہونے کے لیے شدید دباؤ بڑھ جائے گا۔




