نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک کے ضلع کوئینز کے ایک اہم اور بہترین علاقے میں جلد ہی سینکڑوں سستے اپارٹمنٹس دستیاب ہوں گے۔ نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف ہاؤسنگ پریزرویشن اینڈ ڈیولپمنٹ (HPD) کی کمشنر دینا لیوی (Dina Levy) نے بدھ کو اعلان کیا کہ ہنٹرز پوائنٹ ساؤتھ (Hunter’s Point South) کے ایک طویل عرصے سے خالی پڑے پلاٹ پر ’دی اورین‘ (The Orion) کے نام سے ایک جدید مکسڈ یوز ڈیولپمنٹ قائم کی جائے گی۔
کمشنر دینا لیوی نے کہا ”جبکہ پورا شہر رہائش کی شدید قِلت کا سامنا کر رہا ہے، یہ طویل عرصے سے خالی پلاٹ تقریباً 1,000 نئے گھروں میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ ان میں سے دو تہائی (Two-Thirds) گھر انتہائی کم اور درمیانی آمدنی والے خاندانوں کے لیے سستے اور قابلِ برداشت ہوں گے۔ اس پروجیکٹ میں 145 سے زائد ‘سپورٹیو ہاؤسنگ’ یونٹس بھی شامل ہیں، جو تمام نیویارکرز کے لیے محفوظ اور مناسب رہائش کی فراہمی کے ہمارے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔“
’دی اورین‘ میں نہ صرف سستے اپارٹمنٹس شامل ہوں گے بلکہ رہائشیوں کو درج ذیل بہترین سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی:
ورک فورس ڈیولپمنٹ سینٹر: یہاں پیشہ ورانہ تربیتی (Vocational Training) پروگرامز فراہم کیے جائیں گے اور شہریوں کو روزگار تلاش کرنے میں مدد دی جائے گی۔ یہ سینٹر کمیونٹی پروگرامز اور میٹنگز کے لیے بھی استعمال ہوگا۔
ہنٹرز پوائنٹ ساؤتھ ایسٹ ریور واٹر فرنٹ کے ساتھ 30 ایکڑ پر مشتمل ایک سابقہ صنعتی علاقہ تھا۔ 2012 کے سمر اولمپک گیمز کی میزبانی کی دوڑ میں ناکامی کے بعد، سٹی حکام نے اس علاقے کو ایک جدید اور مکسڈ انکم نیبر ہڈ بنانے کا منصوبہ تیار کیا تھا۔
’دی اورین‘ پروجیکٹ مئیر زہران کمائے ممدانی کے ’بلاک بائی بلاک‘ (Block by Block) پروگرام کا حصہ ہے، جس کے تحت اگلے دو سالوں میں شہر بھر میں سستی رہائشی سکیموں کے لیے 5 ارب ڈالرز کی فنڈنگ کی جا رہی ہے۔ فی الوقت تعمیرات کے آغاز کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، کیونکہ ڈیولپرز کو تعمیر شروع کرنے سے پہلے شہر کے ساتھ فنانسنگ کا عمل مکمل کرنا ہوگا۔





