نیوز ڈیسک: فلکیاتی مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ رواں موسمِ بہار کا پہلا مکمل چاند، جسے ‘پنک مون’ (Pink Moon) یا ‘پاسکل مون’ بھی کہا جاتا ہے، بدھ کی رات 10 بجے کے قریب آسمان کی زینت بنے گا۔
ماہرینِ فلکیات کے مطابق جو لوگ چاند کو اس کے اصل جوبن اور “گولڈن آور” (سنہری گھڑی) میں دیکھنا چاہتے ہیں، وہ افق سے چاند کے طلوع ہونے کے وقت کسی کھلے مقام کا رخ کریں۔ اس دوران چاند زمین کے زیادہ قریب محسوس ہوگا اور اس کی رنگت بھی روایتی سفید کے بجائے دلکش سنہری مائل نظر آئے گی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اپنے نام کے برعکس، یہ چاند حقیقت میں گلابی نظر نہیں آئے گا۔ اس کا نام ‘پنک مون’ دراصل موسمِ بہار کے ایک پھول ‘کریپنگ فلوکس’ (Creeping Phlox) کی وجہ سے رکھا گیا ہے جو اپریل کے مہینے میں کثرت سے کھلتا ہے اور اس کی رنگت گلابی ہوتی ہے۔
اپریل کا یہ پہلا مکمل چاند مذہبی لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اسی کی بنیاد پر مسیحی تہوار ‘ایسٹر’ (Easter) کی تاریخ کا تعین کیا جاتا ہے۔ ایسٹر عام طور پر اس چاند کے طلوع ہونے کے بعد آنے والے پہلے اتوار کو منایا جاتا ہے۔
