واشنگٹن / خانیوال: امریکی عدالت نے پاکستانی شہری پر مبینہ طور پر جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ اور شپنگ لیبلز فروخت کرنے والی آن لائن ویب سائٹ چلانے کے الزام میں باضابطہ فردِ جرم عائد کر دی ہے۔ اس مبینہ اسکیم کے نتیجے میں امریکی محکمہ ڈاک (USPS) کو 126 ملین (12 کروڑ 60 لاکھ) ڈالر سے زائد کا بھاری مالی نقصان پہنچا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف (US Department of Justice) کے مطابق پاکستان کی صوبہ پنجاب کے ضلع خانیوال سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ فہیم اکرم نے ‘لیبلز بینک ڈاٹ کام’ (Labelsbank.com) نامی ویب سائٹ کے ذریعے 51 لاکھ (5.1 Million) سے زائد جعلی شپنگ لیبلز اور Stamps فروخت کیے ہیں۔
حکام نے انکشاف کیا ہے کہ اس ویب سائٹ کے ذریعے 5,200 سے زائد خریداروں نے جعلی شپنگ لیبلز خریدے۔ ویب سائٹ پر ہر لیبل تقریباً 2 ڈالر میں فروخت کیا جا رہا تھا، جو اصل امریکی پوسٹل ریٹ کے مقابلے میں انتہائی کم تھا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس ویب سائٹ کو امریکی پوسٹل سروس کی مصنوعات یا سروسز فروخت کرنے کی کوئی قانونی اجازت حاصل نہیں تھی۔ امریکی لاء انفورسمنٹ ایجنسیوں نے کارروائی کرتے ہوئے ویب سائٹ کو فوری طور پر بند کر کے اس کا ڈومین کنٹرول میں لے لیا ہے۔
ملزم فہیم اکرم پر امریکی عدالت میں مجرمانہ سازش (Conspiracy)، جعلی ڈاک ٹکٹوں اور لیبلز کی فروخت (Counterfeit Postage Sale)، اور وائر فراڈ (Wire Fraud) سمیت متعدد سنگین الزامات کے تحت مقدمہ قائم کر دیا گیا ہے۔





