نیویارک: اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے سلامتی کونسل میں شام کی انسانی اور سیاسی صورتحال پر بریفنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام نے انتہائی قلیل عرصے میں نمایاں اور مثبت پیش رفت حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو سفر ایک گہرے اور اہم تبدیلی کے مرحلے سے شروع ہوا تھا، وہ اب تیزی سے قومی استحکام، ریاستی اداروں کی دوبارہ تعمیر و نو، شام کی وحدت کی بحالی، خطے اور عالمی برادری کے ساتھ تعلقات کی استواری اور سالوں کے تباہ کن تنازع کے بعد بحالی کی بنیاد رکھنے کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔
پاکستانی مندوب نے شامی حکومت کی جانب سے ملک کو اس اہم اور متنازع دور سے کامیابی سے نکالنے کی پرعزم کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شام کی بحالی اور عالمی برادری کے ساتھ اس کی دوبارہ لڑی کا جڑنا خطے میں پائیدار امن کے لیے ایک حوصلہ افزا قدم ہے۔
پاکستان نے ہمیشہ تمام ممالک کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور تنازعات کے پرامن سیاسی حل کی حمایت کی ہے، تاکہ متاثرہ اقوام امن اور معاشی ترقی کی طرف گامزن ہو سکیں۔




