تاریخ: 17اپریل
بیجنگ(ویب ڈیسک) چین میں پاکستان کے سفارت خانے نے بیجنگ میں پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب “چانسری شوکیس اور شجر کاری” کا انعقاد کیا۔ اس تقریب کا اہتمام سلک روڈ سٹیز الائنس، جن شانگ گروپ اور ڈبلیو ٹی ایل ڈیزائن کے اشتراک سے کیا گیا۔

تقریب میں سفارتی کور کے ارکان، میڈیا نمائندوں اور دانشوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سفارت خانے کی چانسری کی تزئین و آرائش کے حوالے سے ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی اور روایتی موسیقی کے لائیو پروگرام پیش کیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر سفیر پاکستان اور دیگر معززین نے مشترکہ طور پر پودا لگا کر دوستی کی جڑیں مزید مضبوط کرنے کا عزم کیا۔
چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ چانسری کی تزئین و آرائش اور شجر کاری کی یہ مہم دونوں ممالک کے درمیان تجدیدِ عہد، تسلسل اور مستقبل پر اعتماد کی عکاس ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ عمارت اب محض ایک دفتر نہیں بلکہ پاکستان کے ثقافتی ورثے اور جدید ڈیزائن کا حسین امتزاج ہے جو سفارتی اور ثقافتی سرگرمیوں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔

سفیر نے مزید کہا کہ پودا لگانے کی علامت یہ ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی ایک تناور درخت کی مانند ہے جو آنے والی نسلوں کے لیے سایہ دار اور ثمر آور ثابت ہوگی۔ انہوں نے اس منصوبے میں تعاون کرنے والے تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔





