اسلام آباد: امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے صدارتی محل، سینٹو ڈومنگو میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران ڈومینیکن ریپبلک کے صدر لوئس آبینادر (Luis Abinader) کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دی ہیں۔
اس موقع پر پاکستان اور ڈومینیکن ریپبلک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT)، سیاحت اور عوامی روابط سمیت مختلف اہم شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے صدر لوئس آبینادر کو پاکستانی قیادت اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔
پاکستانی سفیر نے ڈومینیکن ریپبلک کے صدر کی جانب سے کی جانے والی مہمان نوازی اور گرمجوش استقبال پر شکریہ ادا کیا۔
صدر لوئس آبینادر نے عالمی امن کے قیام، استحکام اور سفارتی سطح پر پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں اضافے کی خواہش کا اظہار کیا۔





