نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کونسل کی جانب سے منظور کی جانے والی ایک نئی قانون سازی کے تحت اب نیویارک کے شہری بڑی عمر میں بھی پولیس آفیسر بننے کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ کونسل نے متفقہ طور پر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) میں شمولیت کے لیے عمر کی آخری حد 35 سال سے بڑھا کر 43 سال کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد یہ قانون 2025 میں منظور ہونے والے اسی نوعیت کے ریاستی قانون کے ہم آہنگ ہو گیا ہے۔
کونسل ممبر امینڈا فاریاس (Amanda Farias) کی جانب سے تیار کردہ اس نئے قانون میں سابق فوجیوں (Veterans) کو یہ خصوصی رعایت بھی دی گئی ہے کہ وہ پولیس میں اپلائی کرنے کے لیے اپنی اصل عمر میں سے اپنی سروس کے 6 سال تک نفی (منہا) کر سکتے ہیں۔
جمعرات کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امینڈا فاریاس نے واضح کیا کہ اس قانون سازی سے بھرتی کے معیار یا جسمانی فٹنس کے اصولوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، بلکہ اس کا مقصد زیادہ تجربہ کار اور ذہنی طور پر پختہ عمر کے امیدواروں کو پولیس فورس کا حصہ بننے کی ترغیب دینا ہے۔
انہوں نے کہا، “گزشتہ چند برسوں میں سینکڑوں امیدوار ایسے تھے جو صرف اس وجہ سے این وائی پی ڈی کا حصہ نہیں بن سکے کیونکہ ان کے تقرر کے حتمی مراحل سے قبل ہی ان کی عمر 35 سال کی حد سے تجاوز کر گئی تھی۔ اب عمر کی حد بڑھانے سے شہر کو اہل اور قابل امیدواروں کا ایک وسیع پول دستیاب ہوگا۔”
یاد رہے کہ نیویارک پولیس کو گزشتہ کچھ عرصے سے عملے کی شدید کمی اور نئی بھرتیوں میں مشکلات کا سامنا تھا۔ اس بحران سے نمٹنے کے لیے گزشتہ سال این وائی پی ڈی نے اپلائی کرنے کی کم از کم عمر 21 سال سے گھٹا کر ساڑھے 20 سال کر دی تھی، جبکہ تعلیمی معیار کو بھی 60 کریڈٹس سے کم کر کے صرف 24 کریڈٹس کر دیا گیا تھا۔
این وائی پی ڈی کی کمشنر جیسیکا ٹش (Jessica Tisch) کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال محکمہ امیدواروں کے لیے ایک طرح سے “منتیں” کر رہا تھا، تاہم تعلیمی اور عمر کی شرائط میں نرمی کے بعد درخواست گزاروں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے اور اب عمر کی بالائی حد بڑھنے سے اس میں مزید بہتری آئے گی۔





