نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی میں کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں سے بھرپور گرما کے سیزن، خصوصاً فیفا ورلڈ کپ اور امریکی یومِ آزادی کی تقریبات کے پیشِ نظر نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) کے افسران اور اہلکار سیکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے اوور ٹائم ڈیوٹیاں انجام دیں گے۔
این وائی پی ڈی کی کمشنر جیسیکا ٹش کی جانب سے جاری کردہ ایک اندرونی میمو کے مطابق، 1 جولائی سے 7 جولائی تک پولیس اہلکار روزانہ 12، 12 گھنٹے کی طویل شفٹوں (12-hour tours) میں فرائض سرانجام دیں گے۔
کمشنر ٹش نے اشارہ دیا کہ جولائی کے وسط میں میٹ لائف اسٹیڈیم میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ فائنل (جو 19 جولائی کو شیڈول ہے) کی سیکیورٹی کو کور کرنے کے لیے ان طویل ڈیوٹیوں کے دنوں میں مزید اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ نیویارک سٹی 1 جولائی سے 8 جولائی تک امریکہ کی 250 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک ہفتہ طویل جشن کی میزبانی کر رہا ہے۔ ان تقریبات میں ٹائمز اسکوائر پر روایتی بال ڈراپ اور نیویارک ہاربر میں دنیا کے 20 سے زائد ممالک کے 70 بڑے بحری جہازوں اور جنگی کشتیاں کی آمد شامل ہے۔
کمشنر ٹش نے اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “میں جانتی ہوں کہ اس غیر معمولی صورتحال میں آپ سے کتنی سخت محنت کا تقاضا کیا جا رہا ہے، لیکن جب بھی چیلنج بڑا ہوا ہے، اس محکمے نے ہمیشہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔”
اس کے ساتھ ہی، نیویارک پولیس این بی اے (NBA) فائنلز کے دوران نیو یارک نکس (Knicks) کی میچ واچ پارٹیز اور اس اتوار کو ففتھ ایونیو پر منعقد ہونے والی ‘اسرائیل ڈے پریڈ’ کی سیکیورٹی کے لیے بھی ہائی الرٹ ہے۔ کمشنر ٹش نے پریڈ کے حوالے سے دوبارہ وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر شریک فرد اور گاڑی کی سخت اسکریننگ کی جائے گی اور سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
