نیویارک (ویب ڈیسک): ہارم (East Harlem) کے علاقے میں ہفتے کی صبح سینکڑوں پریشان حال نیویارکرز نے ‘ایسپیرنزا پریپریٹری میگنیٹ اسکول’ کی سیڑھیوں پر جمع ہو کر مکان مالکان کی غفلت اور کرایوں میں غیر قانونی اضافے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
“ہاؤسنگ انسانی حق ہے” کے نعرے لگاتے ہوئے مظاہرین نے عمارتوں کی غیر محفوظ صورتحال، چوہوں اور لال بیگوں کی بہتات، اور سردیوں میں ہیٹنگ کی عدم فراہمی جیسے مسائل کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر شہر کی تاریخ کی پہلی “مین ہٹن رینٹل رپ آف ہیرنگ” (Manhattan Rental Ripoff Hearing) منعقد ہوئی، جہاں شہریوں نے کمشنرز اور سرکاری نمائندوں کے سامنے اپنے دکھڑے روئے۔
میئر آفس برائے تحفظِ کرایہ داران (MOPT) کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیا ویور نے تقریب کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی انتظامیہ ہر آواز کو سننے کے لیے پرعزم ہے۔ تقریب میں محکمہ عمارت (DOB) اور ہاؤسنگ پریزرویشن (HPD) کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے تاکہ کرایہ داروں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔
کرایہ داروں نے مطالبہ کیا کہ غفلت برتنے والے مکان مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں اور مرمت کے کاموں کے لیے سخت ڈیڈ لائن مقرر کی جائے۔ ان شکایات کی روشنی میں جولائی تک ایک جامع پالیسی رپورٹ تیار کی جائے گی۔





