نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے میئر زہران کوامے ممدانی اور میئرز آفس آف کمیونٹی سیفٹی نے مشترکہ طور پر شہر کا “سمر سیفٹی پلان” جاری کر دیا ہے۔
یہ جامع حکمتِ عملی ایک ایسے تاریخی موسمِ گرما میں پیش کی گئی ہے جب نیویارک سٹی فیفا ورلڈ کپ 2026، پرائیڈ تقریبات اور امریکہ کے 250 سالہ جشن (American 250) جیسے بڑے اور عالمی اجتماعات کی میزبانی کر رہا ہے۔
اس سمر سیفٹی پلان کو تین بنیادی ترجیحات کے تحت مرتب کیا گیا ہے:
1۔ عوامی اجتماعات اور ورلڈ کپ کی سیکیورٹی
نیویارک اور باہر سے آنے والے لاکھوں سیاحوں کے لیے ورلڈ کپ کے میچز، ثقافتی پروگرامز اور عوامی اجتماعات کو ہر لحاظ سے محفوظ بنایا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام سرکاری اداروں کے اشتراک سے ایک “نو یور رائٹس” (Know Your Rights) مہم بھی شروع کی جا رہی ہے تاکہ عوام تک حفاظتی معلومات بروقت پہنچ سکیں۔ اس کے علاوہ ہیومن ٹریفکنگ کے خلاف بیداری پیدا کرنے کے لیے ٹیکسیوں اور لنک این وائی سی (LinkNYC) کیوسک پر معلوماتی مہم چلائی جائے گی۔
2۔ نوجوانوں کے لیے مواقع اور روزگار
نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے ممدانی انتظامیہ نے ایک خصوصی “سمر ایکٹیویٹیز” ویب سائٹ لانچ کی ہے، جہاں سینکڑوں مفت اور سستے کھیلوں کے ٹورنامنٹس، کلاسز اور ایونٹس کی معلومات دستیاب ہیں۔ اس ویب سائٹ کو اب تک 2 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔ مزید برآں، گن وائلنس کے خلاف روزگار اسکیم (Anti-Gun Violence Employment Program) کے تحت 1,000 سے زائد نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں۔
3۔ تشدد کی روک تھام اور فوری ایکشن
موسمِ گرما میں جرائم کی شرح میں ممکنہ اضافے کو روکنے کے لیے سٹی کے “کرائسز مینجمنٹ سسٹم” (CMS) کو فعال کیا گیا ہے۔ اس کے تحت ویک اینڈز، شام کے اوقات اور چھٹیوں کے دنوں میں گلیوں اور محلوں میں خصوصی گشت بڑھائی جائے گی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں متاثرین اور ان کے خاندانوں کی فوری مدد کے لیے 72 گھنٹے کا ہنگامی شوٹنگ ریسپانس پروٹوکول بھی نافذ العمل رہے گا۔
میئر زہران ممدانی نے اس پلان کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا:
“نیویارک سٹی کی حکومت چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو وہ محفوظ موسمِ گرما فراہم کیا جا سکے جس کے وہ حقدار ہیں۔ چاہے آپ ورلڈ کپ کا میچ دیکھنے جا رہے ہوں یا اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزار رہے ہوں، ہماری انتظامیہ آپ کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔”
ڈپٹی میئر رینیٹا فرانکوئس اور کمشنر ڈاکٹر عائشہ ڈیلانی برمسی نے بھی واضح کیا کہ حقیقی حفاظت صرف پولیسنگ میں نہیں بلکہ نوجوانوں کو وقار، روزگار اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے میں ہے۔





