نیویارک: نیویارک کے 13ویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ کے لیے ڈیموکریٹک پرائمری الیکشن سے چند گھنٹے قبل سیاسی سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں.
طویل عرصے سے ڈیموکریٹک رکنِ کانگریس ایڈریانو ایسپایاٹ (Adriano Espaillat) کو اس بار نیویارک اسٹیٹ اسمبلی کے رکن زہران ممدانی (Zohran Mamdani) کی حمایت یافتہ نوجوان چیلنجر ڈاریالیزا اویلا شوالیے (Darializa Avila Chevalier) کی طرف سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔
گزشتہ روز نیوز چینل ‘PIX11’ کے میزبان ڈین مانارینو کی میزبانی میں ہونے والے ایک گرما گرم مباحثے (Fiery Forum) میں دونوں امیدواروں نے اہم عوامی مسائل پر ایک دوسرے پر سخت تنقید کی۔
ارلی ووٹنگ (Early Voting) کے آغاز سے عین قبل ہونے والے اس مباحثے میں امیگریشن (Immigration) اور اسرائیل کو دی جانے والی امریکی فوجی امداد جیسے حساس موضوعات پر دونوں کے درمیان شدید تکرار دیکھی گئی۔
سروے میں چیلنجر کو معمولی برتری، سخت مقابلے کی پیش گوئی
اس پرائمری الیکشن کا فاتح نیویارک کے ڈسٹرکٹ 13 سے ڈیموکریٹک پارٹی کا باقاعدہ امیدوار نامزد ہوگا، جس کے حلقے میں اپر مین ہٹن اور برونکس (The Bronx) کا کچھ حصہ شامل ہے۔
‘ڈیٹا فار پروگریس’ (Data for Progress) کے حالیہ انتخابی سروے نے اس مقابلے کو مزید سنسنی خیز بنا دیا ہے۔ سروے کے مطابق، چیلنجر اویلا شوالیے 39 فیصد ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ تجربہ کار ایڈریانو ایسپایاٹ ان سے محض 4 پوائنٹس پیچھے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ پول ‘جسٹس ڈیموکریٹس’ (Justice Democrats) کی جانب سے سپانسر کیا گیا تھا، جو اس الیکشن میں اویلا شوالیے کی کھل کر حمایت کر رہے ہیں۔ حلقے میں ارلی ووٹنگ شروع ہونے والی ہے اور دونوں دھڑے ووٹرز کو راغب کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔
