لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

نیوجرسی میں’ویسٹ نائل وائرس’سےپہلی ہلاکت کی تصدیق،محکمہ صحت کی شہریوں کو احتیاطی تدابیرکی ہدایت

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

نیویارک: امریکی ریاست نیو جرسی میں رواں سال 2026 کے دوران ویسٹ نائل وائرس (West Nile Virus) سے پہلی موت کی تصدیق ہو گئی ہے۔ نیو جرسی محکمہ صحت نے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم وائرس سے ہونے والے نقصان اور بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر شہریوں کو مچھروں کے کاٹنے سے بچاؤ کی سخت تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، ریاست میں 2026 کے دوران اب تک ویسٹ نائل وائرس کے 26 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ان میں سے 19 کیسز میں مریضوں کو اعصابی بیماریاں (Neurological Illness) لاحق ہوئیں، جبکہ کل مریضوں میں سے 69 فیصد کی عمریں 60 سال یا اس سے زائد ہیں۔

نیو جرسی کے کمشنر آف ہیلتھ ڈاکٹر رینارڈ ای واشنگٹن (Dr. Raynard E. Washington) نے جاں بحق شخص کے اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “ویسٹ نائل وائرس کے کیسز اور قیمتی جان کے ضیاع سے ہمیں یاد دہانی ملتی ہے کہ احتیاط ہی اس کا بہترین حل ہے۔ ہم تمام شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ گھروں کے اندر اور ارد گرد مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔”

ویسٹ نائل وائرس متاثرہ مچھر کے کاٹنے سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ یہ بیماری پرندوں سے براہِ راست انسانوں میں منتقل نہیں ہوتی۔

اگست کے آخری ہفتے اور ستمبر کے دوران 14 افراد اس وائرس سے بیمار ہوئے، جبکہ متعدد دیگر مشتبہ کیسز کی تحقیقات جاری ہیں۔

محکمہ صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح (Dawn) اور شام (Dusk) کے اوقات میں باہر نکلنے سے گریز کریں کیونکہ اس وقت مچھر سب سے زیادہ متحرک ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ لمبی آستین والے کپڑے پہننے اور مچھر بھگاؤ اسپرے (Insect Repellent) کا استعمال یقینی بنائیں۔