مشی گن(ویب ڈیسک): امریکی ریاست مشی گن میں ایک 57 سالہ خاتون نے آن لائن لاٹری ٹکٹ خریدتے ہوئے غلطی سے منتخب کیے گئے نمبر کے باعث 2 لاکھ 51 ہزار 738 ڈالر کا جیک پاٹ جیت لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اوکلینڈ کاؤنٹی کی رہائشی خاتون 13 مارچ کے فینٹیسی 5 ڈرا کے لیے اپنے پسندیدہ نمبرز منتخب کر رہی تھیں کہ اس دوران انہوں نے غلطی سے 47 کی جگہ 39 پر کلک کر دیا۔ تاہم انہوں نے اسے تبدیل نہیں کیا کیونکہ ان کی والدہ کا ماننا تھا کہ دنیا میں کچھ بھی اتفاقاً نہیں ہوتا۔
بعد ازاں لاٹری کی جانب سے موصول ہونے والی ای میل میں انہیں بتایا گیا کہ انہوں نے 08، 10، 11، 22 اور 39 کے تمام پانچ نمبرز درست انداز میں ملا کر جیک پاٹ جیت لیا ہے۔
خاتون کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے اپنے اکاؤنٹ میں لاگ ان ہو کر جیتی گئی رقم دیکھی تو انہیں یقین نہیں آیا۔ فی الحال ان کا کوئی بڑا منصوبہ نہیں ہے اور وہ اس رقم کو سیونگ اکاؤنٹ میں محفوظ رکھ کر مستقبل میں اس کے بارے میں فیصلہ کریں گی۔
