نیویارک (ویب ڈیسک): نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی (Zohran Mamdani) نے جمعرات کو جاری کردہ وسط مدتی بجٹ ترمیم (Mid-Year Budget Modification) میں اپنے متنازع ’میئرز آفس آف ماس اینگیجمنٹ‘ (Office of Mass Engagement – OME) کے لیے خاموشی سے مزید 6.2 ملین ڈالر کے اضافی فنڈز مختص کر دیے ہیں، جس پر ناقدین اور سٹی کونسل کے ارکان نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس دفتر کو سٹی ہال کا ٹیکس دہندگان کے پیسوں پر چلنے والا سیاسی پروپیگنڈا ونگ قرار دیا ہے۔
تازہ بجٹ دستاویزات کے مطابق میئر ممدانی نے رواں مالی سال (جو 30 جون کو ختم ہو رہا ہے) کے لیے اس دفتر کے اخراجات میں غیر واضح مد میں 1.1 ملین ڈالر کا فوری اضافہ کیا ہے، جس سے پہلے سے منظور شدہ 5.2 ملین ڈالر کے بجٹ کے بعد رواں سال اس دفتر کا مجموعی بجٹ 6.3 ملین ڈالر تک جا پہنچا ہےجبکہ اس رقم میں عملے کی بھاری تنخواہیں شامل نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ آئندہ تین برسوں کے لیے بھی ہر سال 1.7 ملین ڈالر اضافی رکھے گئے ہیں، جس سے مجموعی اضافی رقم 6.2 ملین ڈالر بنتی ہے۔
کوئنز سے ڈیموکریٹک کونسل ممبر فل وونگ (Phil Wong) نے اس اضافی فنڈنگ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ یہ دفتر ٹیکس دہندگان کے مزید ایک ڈالر کا بھی حقدار ہے کیونکہ “ہمیں واقعی سمجھ نہیں آتی کہ یہ لوگ سیاست کرنے کے علاوہ آخر کرتے کیا ہیں”۔
رپورٹس کے مطابق یہ دفتر—جس کی سربراہی دیرینہ آرگنائزر اور ڈیموکریٹک سوشلسٹس آف امریکہ (DSA) کی رکن تاشا وان آوکن (Tascha Van Auken) کر رہی ہیں—ماضی میں کرایہ منجمد (Rent Freeze) کرنے کی مہم چلانے والے کارکنوں کے ساتھ مل کر شہریوں کو رینٹ گائیڈلائنز بورڈ کے اجلاسوں میں شرکت کی ترغیب دیتا رہا ہے، جبکہ جون کے پرائمری انتخابات کے دوران بھی میئر ممدانی کے حمایت یافتہ بائیں بازو کے امیدواروں کے حق میں ووٹرز کو نکالنے پر اس پر اخلاقی حدود پار کرنے کے الزامات عائد ہوئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق اس دفتر میں درجن سے زائد سیاسی کارکنوں کو چھ ہندسوں (Six-figure) پر مشتمل بھاری تنخواہیں دی جا رہی ہیں جن کی مجموعی لاگت تقریباً 2 ملین ڈالر بنتی ہے، تاہم تنخواہوں کی تفصیلی فہرست عوامی سطح پر جاری نہیں کی گئی۔
دوسری جانب سٹی ہال کی ترجمان پینیلوپی برن بام (Penelope Birnbaum) نے فنڈنگ کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ رقم نئے ٹیکسٹ میسجنگ اور رابطہ کاری کے جدید ذرائع پر خرچ ہوگی تاکہ آفس آف ماس اینگیجمنٹ زندگی کے اہم لمحات میں نیویارکرز کو فوری معلومات اور وسائل فراہم کر سکے۔
وسط مدتی مالیاتی منصوبے کے مطابق جون میں سٹی کونسل کے ساتھ طے پانے والے 126 ارب ڈالر کے بجٹ کے مقابلے میں شہر کے مجموعی اخراجات 3 ارب ڈالر سے زائد بڑھ کر تقریباً 130 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، جس میں تنخواہوں کی مد میں کم از کم 155 ملین ڈالر کا اضافہ بھی شامل ہے۔
تھنک ٹینک ’سٹیزنز بجٹ کمیشن‘ (Citizens Budget Commission) کے سربراہ اینڈریو رین (Andrew Rein) نے خبردار کیا کہ نئی بچت کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ یعنی 1 ارب ڈالر کے مستقل سالانہ اخراجات شامل کرنا بجٹ کو متوازن کرنے کے بجائے تباہ کر دے گا۔





