لندن (ویب ڈیسک): برطانوی بادشاہ شاہ چارلس سوم اور ملکہ کمیلا نے اپنے فلاحی ادارے ‘دی کنگز ٹرسٹ’ (The King’s Trust) کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر لندن کے تاریخی رائل البرٹ ہال میں منعقدہ ایک پروقار اور ستاروں سے سجی تقریب میں شرکت کی۔ اس سنگِ میل کو عبور کرنے پر شاہی جوڑے نے اپنی موجودگی سے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔

تقریب کے لیے شاہ چارلس نے نیلے رنگ کا دیدہ زیب سوٹ اور سفید شرٹ زیب تن کی تھی، جبکہ ملکہ کمیلا گہرے جامنی رنگ کے لباس اور پلم پرپل کیپ میں انتہائی باوقار نظر آئیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے 77 سالہ شاہ چارلس جذباتی نظر آئے، انہوں نے کہا کہ “یہ میرے لیے انتہائی فخر اور غیر معمولی لمحہ ہے کہ اس ٹرسٹ کو قائم ہوئے 50 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ شروع میں اسے فعال کرنا کافی مشکل تھا لیکن ہم نے کر دکھایا۔”

تقریب میں ہالی ووڈ اور دنیا بھر کی معروف شخصیات نے شرکت کی جن میں جارج کلونی، امل کلونی، ادریس ایلبا، للی کولنز، ریٹا اورا اور سر راڈ اسٹیورٹ شامل تھے۔ بکنگھم پیلس نے اس موقع پر ایک خصوصی ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں شاہی جوڑے کو مہمانوں کے ساتھ خوشگوار موڈ میں گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ٹرسٹ نے گزشتہ پانچ دہائیوں میں لاکھوں نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم کے مواقع فراہم کیے ہیں۔

