ٹوکیو (ویب ڈیسک) – جاپان کے شمال مشرقی ساحلی علاقے پیر کی شام (20 اپریل 2026) 7.4 شدت کے زوردار زلزلے سے لرز اٹھے، جس کے بعد حکام نے فوری طور پر سونامی کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ جاپان میٹورولوجیکل ایجنسی (JMA) کے مطابق زلزلے کا مرکز بحرِ الکاہل میں ‘سانریکو’ کے ساحل کے قریب 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
حکام نے انتباہ جاری کیا ہے کہ ایواتے (Iwate)، آوموری (Aomori) اور ہوکائیدو (Hokkaido) کے علاقوں میں 3 میٹر (تقریباً 10 فٹ) بلند لہریں ساحلوں سے ٹکرا سکتی ہیں۔
ابتدائی لہریں: کوجی پورٹ (Kuji Port) پر 80 سینٹی میٹر بلند پہلی لہر ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والی لہریں مزید بلند اور خطرناک ہو سکتی ہیں۔
ساحلی آبادیوں کو فوری طور پر بلند مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ ٹی وی چینلز پر “فوری نکل جائیں” (Evacuate Now) کے پیغامات نشر کیے جا رہے ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت ٹوکیو تک محسوس کیے گئے جہاں بلند و بالا عمارتیں لرز اٹھیں۔
حفاظتی اقدامات کے تحت ٹوکیو اور آموری کے درمیان ‘بلٹ ٹرین’ (Shinkansen) کی سروس معطل کر دی گئی ہے۔
ٹوہوکو الیکٹرک پاور کمپنی ‘اوناگاوا’ نیوکلیئر پلانٹ سمیت دیگر تنصیبات کا معائنہ کر رہی ہے، فی الحال کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
جاپانی وزیر اعظم ثناء تاکائیچی نے ایک ایمرجنسی ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔ جاپان “رنگ آف فائر” پر واقع ہونے کی وجہ سے دنیا کے زلزلہ زدہ ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔
