لندن / تل ابیب (ویب ڈیسک): برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ (The Guardian) کی جانب سے حاصل کردہ لیک دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ پر شدید فضائی بمباری اور زمینی حملے کے ابتدائی مہینوں کے دوران فلسطینیوں کی تصاویر کا تجزیہ کرنے اور چہرے کی شناخت (Facial Recognition) کے منصوبے کے لیے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایمیزون (Amazon) کے کلاؤڈ پلیٹ فارم پر 35 لاکھ (3.5 ملین) تصاویر اپ لوڈ کیں۔
دستاویزات کے مطابق اسرائیلی فوج کے ایک سافٹ ویئر یونٹ سے منسلک شعبے ’رولنگ اسٹون‘ (Rolling Stone) نے 2024ء کے اوائل میں ایمیزون کو مطلع کیا کہ وہ غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کی فلسطینی آبادی پر مشتمل تصاویر کے وسیع ذخیرے کا تجزیہ کرنے کے لیے ایمیزون کے مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس امیج اینالیسس پلیٹ فارم ’ریکگنیشن‘ (Recognition) کا استعمال کرے گا۔ یہ تصاویر تل ابیب کے قریب واقع ایمیزون کے ڈیٹا سینٹر میں منتقل کی گئیں۔
اسرائیل اور ایمیزون کے درمیان تعلقات کی بنیاد 2021ء کا اربوں ڈالر مالیت کا ’پروجیکٹ نمبس‘ (Project Nimbus) معاہدہ ہے، جس کے تحت ایمیزون ویب سروسز (AWS) اور گوگل اسرائیلی حکومت اور فوج کو کلاؤڈ سروسز فراہم کرتے ہیں۔
معاہدے کے تحت تل ابیب ڈیٹا سینٹرز میں اسرائیلی فوج کے لیے ایک انتہائی محفوظ اور الگ تھلگ حصہ بنایا گیا جسے “والڈ گارڈن” (Walled Garden) کا نام دیا گیا، جہاں فوجی آپریشنز اور انٹیلی جنس مواد منتقل کیا گیا۔
مزید برآں، اس معاہدے کی غیر معمولی شرائط امریکی کمپنیوں کو اس بات سے روکتی ہیں کہ وہ سروس کی شرائط کی خلاف ورزی کے باوجود اسرائیلی فوج کی رسائی معطل یا محدود کر سکیں—جیسا کہ گزشتہ سال مائیکروسافٹ نے نگرانی کے ایک نظام تک اسرائیلی فوج کی رسائی بند کر کے کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج دہائیوں سے ’رولنگ اسٹون‘ نامی مرکزی کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے فلسطینیوں کے خاندانی کوائف، جائیداد، ورک پرمٹ اور 16 سال کی عمر میں بننے والے شناختی کارڈز کی لاکھوں تصاویر جمع کرتی رہی ہے، جنہیں مغربی کنارے میں ’بلو وولف‘ (Blue Wolf) جیسی اسمارٹ فون ایپس کے ذریعے استعمال کیا جاتا ہے۔
اکتوبر 2023ء میں غزہ پر زمینی حملے کے بعد قائم کیے گئے عارضی چیک پوائنٹس—جنہیں اسرائیلی فوجی عبرانی زبان میں “ناکاز” (Nakaz – یعنی نکاسی آب) کہتے تھے—پر بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کے چہروں کو کیمروں سے اسکین کر کے ایمیزون کلاؤڈ میں موجود ڈیٹا سے ملایا جاتا رہا، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شہریوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقامات پر منتقل کیا گیا۔
دستاویزات سے یہ بھی سامنے آیا کہ 2024ء کے اوائل میں اسرائیلی فوجیوں کے ایک گروپ نے تل ابیب کی ایک بلند عمارت کی 28ویں منزل پر واقع ایمیزون کے دفاتر میں بیٹھ کر کام بھی کیا۔
تاہم ایمیزون کے ترجمان نے مؤقف اختیار کیا کہ کمپنی کو اپنے صارفین کے کلاؤڈ میں موجود مواد تک رسائی حاصل نہیں ہوتی اور دفاتر کے دورے محض معمول کی کسٹمر میٹنگز تھیں، جبکہ اسرائیلی فوج (IDF) نے آپریشنل ضروریات سے متعلق کسی بھی معاہدے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔





