لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00
ہیڈ لائنز

الھان عمرنئی مشکل میں،امیگریشن اورمالی معاملات پروفاقی تحقیقات کاسامنا

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکی ایوانِ نمائندگان کی ڈیموکریٹک رکن الھان عمر (Ilhan Omar) نے منگل کے روز ‘فاکس نیوز ڈیجیٹل’ سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی اداروں کی جانب سے انہیں ان کی بنیادوں یا الزامات کے بارے میں باضابطہ طور پر مطلع نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی انہیں یہ معلوم ہے کہ ان کے خلاف کتنی تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ سومالی نژاد امریکی قانون ساز کے خلاف اس وقت کم از کم دو اہم وفاقی تحقیقات جاری ہیں۔ پہلی تحقیقات محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی (DHS) کی جانب سے ان کے اور ان کے والد کے امیگریشن کاغذات میں مبینہ دھوکہ دہی کے حوالے سے کی جا رہی ہے، جبکہ دوسری تحقیقات واشنگٹن ڈی سی کی امریکی اٹارنی جینین پیرو (Jeanine Pirro) کی زیرِ نگرانی ان کے مالیاتی ڈسکلوزرز (Financial Disclosures) میں تفاوت پر مبنی ہیں۔

یہ خبر اس وقت میڈیا کی سرخیوں میں آئی جب 12 اکتوبر کو ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشنز (HSI) کے اہلکاروں نے واشنگٹن ڈی سی میں الھان عمر کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا۔

رپورٹس کے مطابق اس کارروائی کے دوران ایجنٹوں نے ان کا سیل فون، پاسپورٹ، کمپیوٹر اور ڈی این اے (DNA) کا نمونہ حاصل کیا تھا۔ الھان عمر نے تصدیق کی کہ ضبط کی گئی زیادہ تر اشیاء انہیں واپس کر دی گئی ہیں۔

مینیسوٹا کے 5ویں کانگریس ڈسٹرکٹ سے دوبارہ منتخب ہونے کے بعد کیپیٹل ہل واپسی پر الھان عمر نے اپنے ہائی پروفائل وکلاء ایمی جیفریس (Amy Jeffress) اور جوشوا میٹز (Joshua Matz) کے ساتھ لونگ ورتھ ہاؤس آفس بلڈنگ میں تقریباً دو گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس کیا۔

تحقیقات کے دوران عدالت میں جمع کروائے گئے ایک وفاقی دستاویز میں الھان عمر کو “الھان نور سعید علمی” کے نام سے سے متعارف کروایا گیا ہے، جو ان کے سابق شوہر کا خاندانی نام ہے۔ بعض امریکی میڈیا رپورٹس میں الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ ان کے سابق شوہر احمد نور سعید علمی مبینہ طور پر ان کے بھائی تھے، جس پر الھان عمر نے رپورٹرز کے سوالات کا جواب دینے سے گریز کیا۔