میکسیکو سٹی (ویب ڈیسک): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی میچ میں میزبان میکسیکو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 2-0 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔
میکسیکو سٹی کے تاریخی ایسٹادیو ازٹیکا میں کھیلے گئے میچ میں 80 ہزار سے زائد شائقین نے اپنی ٹیم کی بھرپور حمایت کی، جبکہ اس کامیابی کے ساتھ میکسیکو نے ورلڈ کپ کی میزبانی اور افتتاحی میچ دونوں کو یادگار بنا دیا۔

میکسیکو کے اسٹار فارورڈ جولین قینونیس نے میچ کے نویں منٹ میں شاندار گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو ابتدائی برتری دلائی۔ ابتدائی گول کے بعد میزبان ٹیم نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور جنوبی افریقہ کو واپسی کا کوئی بڑا موقع نہ دیا۔
دوسرے ہاف میں تجربہ کار اسٹرائیکر راؤل جیمنیز نے عمدہ ہیڈر کے ذریعے دوسرا گول کر کے میکسیکو کی برتری کو 2-0 تک پہنچا دیا، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
یہ میچ صرف میکسیکو کی فتح ہی نہیں بلکہ کئی ڈرامائی لمحات کے باعث بھی توجہ کا مرکز بنا۔ مقابلے کے دوران ریفری نے مجموعی طور پر تین ریڈ کارڈز دکھائے۔

جنوبی افریقہ کے اسپیپیلو سیتھول کو 49ویں منٹ میں سخت فاؤل پر میدان بدر کیا گیا، جبکہ 84ویں منٹ میں تھیمبا زوانی کو بھی ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا، جس کے بعد جنوبی افریقہ صرف نو کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے پر مجبور ہو گیا۔
میچ کے اختتامی لمحات میں میکسیکو کے دفاعی کھلاڑی سیزر مونٹیز کو بھی ریڈ کارڈ دکھایا گیا، جس کے باعث وہ جنوبی کوریا کے خلاف ٹیم کے اگلے میچ میں دستیاب نہیں ہوں گے۔
واضح رہے کہ میکسیکو اس کامیابی کے ساتھ تاریخ کا پہلا ملک بن گیا ہے جسے تین مختلف فیفا ورلڈ کپ ایڈیشنز (1970، 1986 اور 2026) کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
