میکسیکو: ورلڈ کپ کے اپنے افتتاحی میچ میں جنوبی کوریا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوریہ چیک (چیک ریپبلک) کو 1-2 سے شکست دے دی۔
میچ کے بیشتر حصے میں جنوبی کوریا نے کھیل پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا اور متعدد خطرناک حملے کیے، تاہم چیک گول کیپر ماتیج کووار نے کئی شاندار سیوز کر کے اپنی ٹیم کو مقابلے میں برقرار رکھا۔

میچ کا پہلا گول 59ویں منٹ میں جمہوریہ چیک کے لادیسلاو کریجچی نے ایک طویل تھرو اِن پر ہیڈر کے ذریعے اسکور کیا، جس سے ان کی ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہوئی۔
برتری کے باوجود چیک ٹیم مسلسل دباؤ کا شکار رہی اور جنوبی کوریا نے 67ویں منٹ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے اسکور برابر کر دیا۔

77ویں منٹ میں چیک ریپبلک کو ایک بار پھر برتری حاصل کرنے کا موقع ملا جب ٹوماس سوچیک نے گیند جال میں پہنچائی، تاہم وی اے آر جائزے کے بعد گول کو آف سائیڈ قرار دے دیا گیا۔
اس فیصلے کے صرف تین منٹ بعد جنوبی کوریا کے متبادل کھلاڑی اوہ ہیون گیو نے فیصلہ کن گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 1-2 کی یادگار فتح دلا دی۔

اس کامیابی کے بعد جنوبی کوریا گروپ اے میں تین پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طور پر سرفہرست آ گیا ہے، جبکہ شریک میزبان میکسیکو نے بھی جنوبی افریقا کو 0-2 سے شکست دے کر تین پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔
