پیرس (ویب ڈیسک): فرانس میں 17 اکتوبر بروز ہفتہ ہونے والے ملک گیر پرتشدد مظاہرے سنگین صورتحال اختیار کر گئے ہیں، جس کے دوران پولیس اور سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 1,800 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
فرانس کے وزیرِ داخلہ لورینٹ نونیریز (Laurent Nunez) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری کردہ اپنے بیان میں تصدیق کی ہے کہ ان ہنگاموں کے دوران 500 سے زائد پولیس اہلکار، جینڈرمز اور فائر فائٹرز شدید زخمی ہوئے ہیں۔
فرانسیسی حکومت اور وزیرِ داخلہ نے ان پرتشدد واقعات کا ذمہ دار “انتہا پسند بائیں بازو” (Far-left) کے مظاہرین اور ان کا فائدہ اٹھانے والے ان مجرمانہ عناصر کو قرار دیا ہے جنہوں نے دکانوں اور سرکاری عمارتوں میں توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی۔ نونیریز نے واضح کیا کہ “جمہوریت اور ریاست تشدد اور افراتفری پھیلاؤ کے سامنے ہرگز نہیں جھکے گی”۔
وزیرِ داخلہ لورینٹ نونیریز نے اپنے مفصل بیان میں کہا کہ “احتجاج اور مظاہرہ کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے، لیکن منظم تشدد اور افراتفری پھیلانا کوئی حق نہیں۔ پولیس اور جینڈرمز پر حملہ کرنا، سرکاری اداروں اور بلدیاتی دفاتر پر ہجوم کا حملہ اور کاروباروں کو لوٹنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے”۔
17 اکتوبر کی رات گئے تک جاری رہنے والے ان پرتشدد ہنگاموں سے دارالحکومت پیرس، مارسیل، لیوں، بوردو، رین، اسٹراسبرگ، گرینوبل، نائس اور لیموژ سمیت متعدد اہم شہر شدید متاثر ہوئے۔
ولیس کے مطابق اب تک زخمی ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 500 سے تجاوز کر چکی ہے جو کہ ایک ابتدائی عدد ہے، جبکہ سو سے زائد تاجروں کی دکانوں، شاپنگ مالز اور پبلک پراپرٹی کو بھاری مالی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ گرفتار کیے گئے 1,800 افراد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ انہیں قانون کے مطابق کڑی سزا دی جا سکے۔





