پیرس (ویب ڈیسک): مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف فرانس بھر میں ہونے والے شدید ترین اور پرتشدد مظاہروں کے بعد حکومت نے حالات پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کا آغاز کر دیا۔
فرانس کے وزیراعظم سبسٹین لیکورنو (Sebastien Lecornu) نے ہنگامی کابینہ کے اجلاس کے بعد اعلان کیا ہے کہ ملک کے بعض شہروں میں ضلعی اور علاقائی حکام کو جزوی اور مقامی کرفیو (Partial Curfews) نافذ کرنے کے اختیارات دے دیے گئے ہیں۔
تاہم وزیراعظم نے واضح کیا کہ پیرس جیسے بڑے شہروں میں مکمل کرفیو نافذ کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے، البتہ ضرورت پڑنے پر ملک میں ایمرجنسی بھی نافذ کی جا سکتی ہے۔ یہ فیصلے ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب وزیرِ داخلہ نے تسلیم کیا کہ ہفتے کے روز ہونے والے مظاہروں کے دوران سکیورٹی فورسز بعض شہروں میں “کنٹرول کھو چکی تھیں”۔
وزیرِ داخلہ لورینٹ نونیریز (Laurent Nuñez) نے اعتراف کیا کہ انٹیلی جنس رپورٹس میں صرف 2 لاکھ مظاہرین کا تخمینہ لگایا گیا تھا جبکہ حقیقتاً 5 لاکھ سے زائد افراد سڑکوں پر نکل آئے، جس کی وجہ سے تیاریاں ناکافی رہیں۔ انہوں نے اپنی ناکامی کی ذمہ داری لیتے ہوئے صدر ایمانوئل میکرون کو اپنا استعفیٰ پیش کیا جسے صدر نے مسترد کرتے ہوئے انہیں حالات بہتر کرنے کا حکم دیا۔
ملک بھر میں ہونے والی ان جھڑپوں کے دوران اب تک 2,400 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں سے 70 فیصد بالغ ہیں، جبکہ 1,000 کے قریب پولیس اہلکار اور جینڈرمز زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 2,000 دکانوں کو لوٹا گیا اور سرکاری عمارتوں کو نذرِ آتش کیا گیا۔
پیر کے روز مظاہرین نے طلبہ تحریک کی حمایت اور پولیس بربریت کے خلاف دنیا کے سب سے بڑے عجائب گھر لوور میوزیم (Louvre Museum) کے دروازے بلاک کر دیے، جس کے باعث میوزیم اپنے مقررہ وقت پر کھل نہ سکا۔
پیرس کے مئیر نے ان حالات کا ذمہ دار ریاست کو قرار دیا جبکہ مارسیل کے مئیر نے صورتحال کو “شورش زدہ” (Insurrectional) قرار دیتے ہوئے حکومت کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔





