نیویارک: لوئر مین ہیٹن میں 26 فیڈرل پلازہ پر واقع وفاقی امیگریشن عمارت کے باہر پیر کی صبح ایک مشتبہ شخص کی جانب سے پٹاخوں (Fireworks) کی مدد سے لگائی گئی آگ اور دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس اور ایف بی آئی نے کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو موقع سے گرفتار کر لیا ہے۔
نیویارک فائر ڈیپارٹمنٹ (FDNY) کے مطابق، صبح تقریباً 8:30 بجے ورتھ اور لافائیٹ اسٹریٹس کے درمیان 26 فیڈرل پلازہ کے قریب آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، آگ پٹاخوں کے ذریعے لگائی گئی تھی جنہیں ایک چھوٹی گاڑی/ویگن میں رکھا گیا تھا، جس پر “ICE off our streets” (آئی سی ای کو ہماری سڑکوں سے ہٹاؤ) کا بینر لگا ہوا تھا۔
26 فیڈرل پلازہ کی عمارت میں کئی اہم وفاقی دفاتر قائم ہیں، جن میں ایف بی آئی (FBI) کا نیویارک آفس اور ایک امیگریشن کورٹ بھی شامل ہے جہاں سماعت کے بعد اکثر تارکینِ وطن کو حراست میں لیا جاتا ہے۔ واقعے کی وائرل ویڈیوز اور تصویروں میں فٹ پاتھ پر آگ کا شدید دھواں اٹھتے اور سیکیورٹی اہلکاروں کو ایک شخص کو حراست میں لیتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ایف بی آئی کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان میں کہا گیا:”آج صبح ایک فرد نے 26 فیڈرل پلازہ کے باہر آتش گیر مواد استعمال کیا۔ اس فرد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ایف بی آئی نیویارک کی جوائنٹ ٹیررازم ٹاسک فورس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔”
حکام کے مطابق زخمی ہونے والے 2 افراد کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ایک معمولی زخمی نے موقع پر ہی طبی امداد سے معذرت کر لی۔ مشتبہ شخص کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی اور اس پر باضابطہ الزامات عائد ہونا باقی ہیں۔
نیویارک شہر کے میئر زہران ممدانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے ردعمل میں لکھا:”آج صبح 26 فیڈرل پلازہ کے باہر جو کچھ ہوا وہ انتہائی تشویشناک تھا۔ مجھے اطمینان ہے کہ کوئی شدید زخمی نہیں ہوا اور مشتبہ شخص حراست میں ہے۔ میری ٹیم نیویارک پولیس (NYPD) سے رابطے میں ہے اور ہم وفاقی تحقیقات میں پورا تعاون کریں گے۔ ہماری انتظامیہ ہر نیویارکر کی حفاظت کو یقینی بناتی رہے گی۔”





