واشنگٹن / کیلیفورنیا (ویب ڈیسک):امریکی ہیلتھ ریگولیٹر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ وزن کم کرنے اور ذیابیطس کے علاج کے لیے دنیا بھر میں استعمال ہونے والی تمام GLP-1 ادویات — بشمول اوزیمپک (Ozempic)، ویگووی (Wegovy)، ماؤنجارو (Mounjaro) اور زیپ باؤنڈ (Zepbound) — کی لیبلنگ پر ایک نئے اور نایاب سائیڈ ایفیکٹ کی تنبیہی وارننگ (Warning) شامل کی جائے گی۔
یہ سائیڈ ایفیکٹ بعض اوقات انسان کی بینائی کے دائمی اور مستقل ضیاع (Permanent Vision Loss) کا سبب بن سکتا ہے۔ایف ڈی اے کے مطابق آنکھ کی اس حالت کو طبی زبان میں NAION (نان آرٹیریٹک انٹیریئر اسکیمک آپٹک نیوروپیتھی) کہا جاتا ہے، جو آپٹک اعصاب (Optic Nerve) میں خون کا بہاؤ کم ہونے کے باعث لاحق ہوتی ہے۔
ایف ڈی اے کی جانب سے 125 سے زائد کلینیکل ٹرائلز کے تجزیے کے مطابق، کم از کم ایک سال تک GLP-1 ادویات استعمال کرنے والے ہر 1,00,000 میں سے 6 افراد میں اس بیماری کا خطرہ دیکھا گیا۔ اس کے مقابلے میں پلیسیبو یا دیگر ادویات لینے والوں میں یہ شرح 4 فی ایک لاکھ سے کم تھی۔
ماساچوسٹس آئی اینڈ ایئر کے ماہرِ چشم ڈاکٹر جوزف رائزو (Dr. Joseph Rizzo) نے بتایا کہ اس بیماری کے نتیجے میں متاثر ہونے والی بینائی کو دوبارہ بحال کرنا فی الوقت ممکن نہیں ہے اور دوا روکنے کے باوجود نقصان برقرار رہ سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ ایک آنکھ متاثر ہونے کی صورت میں دوسری آنکھ میں بینائی کا نقصان مختلف ہو سکتا ہے۔
ایف ڈی اے کے مطابق اگر ادویات کے استعمال کے دوران دھندلا دکھائی دینا (Blurred Vision)، آنکھوں کے سامنے اندھیرے کے دھبے (Blind Spots) یا رنگوں کی پہچان میں تفاوت محسوس ہو تو فوراً معالج سے رجوع کرنا چاہیے۔
نووو نارڈسک (Novo Nordisk) نے اپنے بیان میں کہا کہ دستیاب ڈیٹا براہِ راست سبب اور اثر کو ثابت نہیں کرتا، تاہم مریضوں کی حفاظت ان کی ترجیح ہے۔ ایلی للی (Eli Lilly) نے بھی کہا ہے کہ وہ ایف ڈی اے کی اپ ڈیٹ کا جائزہ لے کر جلد جواب فراہم کرے گی۔





