دوحہ(ویب ڈیسک): قطر کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ علاقائی رہنماؤں اور تنازع میں شامل فریقین کے درمیان رابطے جاری ہیں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کے مطابق، قطر واشنگٹن اور تہران دونوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور مختلف سفارتی ذرائع سے بحران کے حل کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
ماجد الانصاری نے اس موقع پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کی بھی کھل کر حمایت کی اور کہا: “پاکستان نے فریقین کو قریب لانے اور اس اہم مسئلے کا حل تلاش کرنے میں انتہائی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے، جس کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارت کاری ہی سب سے مؤثر راستہ ہے۔ آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قطری ترجمان نے واضح کیا کہ کسی بھی ملک کو اس تزویراتی آبی گزرگاہ تک رسائی روکنے کا حق حاصل نہیں ہے۔ ان کے مطابق، بحری ٹریفک ابھی تک مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی ہے اور اب تک صرف دو ایل این جی (LNG) ٹینکر ہی آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔




