Cristiano Ronaldo Scores Twice as Al Nassr Seal League Glory

اس یادگار کامیابی کے بعد النصر نے سال 2019 کے بعد پہلی بار یہ تاریخی اعزاز حاصل کیا ہے، جبکہ کرسٹیانو رونالڈو کی سعودی عرب آمد کے بعد یہ ان کی پہلی لیگ کامیابی ہے۔

Editor News

ریاض (ویب ڈیسک): پرتگال کے لیجنڈری فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کی شاندار اور جادوئی کارکردگی کی بدولت النصر نے داماک کو 1-4 سے شکست دے کر سعودی پرو لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

اس یادگار کامیابی کے بعد النصر نے سال 2019 کے بعد پہلی بار یہ تاریخی اعزاز حاصل کیا ہے، جبکہ کرسٹیانو رونالڈو کی سعودی عرب آمد کے بعد یہ ان کی پہلی لیگ کامیابی ہے۔

سعودی پرو لیگ کے آخری اور فیصلہ کن مرحلے میں النصر نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مجموعی طور پر 86 پوائنٹس حاصل کیے اور اپنے روایتی اور کٹر حریف ‘الہلال’ کو دو پوائنٹس کے فرق سے پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹرافی پر قبضہ جمایا۔

میچ کے آغاز ہی سے النصر نے حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا۔ میچ کے 34 ویں منٹ میں جواو فیلکس کے ایک شاندار کارنر کک پر اسٹار فٹ بالر سادیو مانے نے بہترین ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال کی راہ دکھا کر ٹیم کو 0-1 کی برتری دلائی۔

دوسرے ہاف میں کنگزلے کومان نے ایک اور خوبصورت گول کر کے النصر کی برتری کو دگنا کر دیا۔ اس دوران داماک کو ایک پنالٹی ملی جس پر انہوں نے گول کر کے النصر کی برتری کو کم کرنے کی کوشش کی، لیکن النصر نے حریف ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔

داماک کے گول کے فوراً بعد کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے روایتی انداز میں ایک دلکش فری کک کے ذریعے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا کر میچ پر اپنی ٹیم کی گرفت دوبارہ مضبوط کر دی۔

کھیل کے 81 ویں منٹ میں رونالڈو نے حریف دفاع کو دھول چٹاتے ہوئے ایک اور شاندار گول اسکور کر کے النصر کی فتح اور لیگ ٹائٹل کو یقینی بنا دیا۔ میچ کے اختتام پر ریفری کی آخری سیٹی بجتے ہی کرسٹیانو رونالڈو اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور سعودی عرب میں اپنا پہلا بڑا ٹائٹل جیتنے کی خوشی میں میدان میں ہی رو پڑے۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *