نیویارک (ویب ڈیسک): امریکی مسلح افواج میں اپنی خدمات کی مدت (Tour of Duty) مکمل کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کا حصول سابق فوجی اہلکاروں (Veterans) کے بنیادی اہداف میں شامل ہوتا ہے، تاہم نیویارک شہر جیسے مہنگے میٹروپولیٹن میں تعلیم کے دوران مناسب اور سستی رہائش کی تلاش ایک بڑا چیلنج بنی رہتی ہے۔
اس درپیش مسئلے کے حل کے لیے عالمی شہرت یافتہ کولمبیا یونیورسٹی (Columbia University) نے ایک تاریخی پیش رفت کرتے ہوئے غیر روایتی اور سابق فوجی طلبہ کے لیے اپنی پہلی خصوصی رہائش گاہ ’99 کلیئر مونٹ’ (99 Claremont) کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔
اس نئی رہائش گاہ کا مقصد طلبہ کو محض سونے کی جگہ فراہم کرنا نہیں بلکہ مشترکہ ہالز، تعلیمی نشستوں اور کمیونٹی پروگرامنگ کے ذریعے انہیں یونیورسٹی کے ماحول اور کیمپس لائف میں مکمل طور پر ضم ہونے کا موقع دینا ہے۔
کولمبیا یونیورسٹی کے ‘اسکول آف جنرل اسٹڈیز’ کے وائس ڈیین کرٹس راجرز (Curtis Rodgers) نے اس تاریخی پیش رفت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ “ہمارے اسکول کا قیام ہی دوسری جنگِ عظیم کے بعد 1947ء میں جی آئی بل کے تحت واپس آنے والے فوجی اہلکاروں کی تعلیمی و رہائشی معاونت کے لیے عمل میں لایا گیا تھا اس لیے یونیورسٹی کی 80 سالہ تاریخ میں نان ٹریڈیشنل طلبہ کے لیے ایسی خصوصی رہائش گاہ کا قیام ایک خواب کی تعبیر ہے”۔
سیاسی سائنس کے شعبے میں زیرِ تعلیم اور مستقبل میں پبلک سروس سے منسلک ہونے کے خواہش مند سابق امریکی فوجی طالب علم جیک ایٹن (Jack Eaton) نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ٹیکساس سے نیویارک منتقل ہونے کے بعد میرے لیے سب سے بڑی تشویش اپارٹمنٹ تلاش کرنا تھا کیونکہ میں یہاں کسی کو نہیں جانتا تھا۔ 99 کلیئر مونٹ نے طلبہ کو ایک دوسرے کے قریب لا کر ایک بہترین خاندانی ماحول فراہم کیا ہے”۔
جیک ایٹن یونیورسٹی میں اپنی ڈگری کی مکمل توجہ کے ساتھ ساتھ ملٹری ریزرو فورسز میں بطور آفیسر اپنے خدمات کے عمل کو بھی جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔





