لوڈ ہو رہا ہے...
00:00:00

بگ بیش لیگ 27-2026 کےشیڈول کااعلان؛لیگ کی تاریخ میں پہلی بارافتتاحی میچ انڈیامیں کھیلاجائےگا

لنک کاپی ہو گیا ہے!

John Doe

ملبورن (ویب ڈیسک): کرکٹ آسٹریلیا (CA) نے بگ بیش لیگ (BBL) کے سیزن 2026-27 کے مکمل شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس میں ایک تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کا پہلا ہی میچ آسٹریلیا کے بجائے پہلی بار انڈیا (بھارت) میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق، چار سال کے طویل وقفے کے بعد ٹورنامنٹ ایک بار پھر کرسمس کی آمد (Christmas Eve) پر شروع ہوگا، جبکہ لیگ کا فائنل میچ ‘آسٹریلیا ڈے’ (26 جنوری) پر کھیلا جائے گا۔ ثقافتی حساسیت کی وجہ سے گزشتہ دو سالوں سے اس عوامی تعطیل کے دن فائنل کا انعقاد نہیں ہو رہا تھا، لیکن اس بار اسے دوبارہ بحال کیا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ کا فارمیٹ اور فائنلز
44 میچوں پر مشتمل اس ایونٹ کے باقاعدہ سیزن کا اختتام 16 اور 17 جنوری کو بیک ٹو بیک ڈبل ہیڈرز (روزانہ دو میچز) کے ساتھ ہوگا۔ اس کے بعد، 19 جنوری سے چار ٹیموں پر مشتمل فائنلز سیریز کا آغاز کوالیفائر میچ سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا چیمپئن شپ میچ (فائنل) 26 جنوری کو ہوگا، جبکہ کسی ناگزیر صورتحال یا بارش سے نمٹنے کے لیے ایک ‘ریزرو ڈے’ بھی رکھا گیا ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ شیڈول کو اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ ناگپور میں انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے بارڈر-گواسکر ٹرافی کے پہلے ٹیسٹ میچ کے اوقات کار بگ بیش لیگ کے میچوں سے نہ ٹکرائیں۔ تاہم، نیوزی لینڈ کے خلاف ٹرانس-تسمان ٹرافی کے فوراً بعد آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑی بھارت روانہ ہو جائیں گے، جس کے باعث وہ بی بی ایل کے فائنل مراحل میں اپنی ٹیموں کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

کھلاڑیوں پر کام کے بوجھ (Workload) کو کم کرنے کے لیے کرکٹ آسٹریلیا نے بین ریاستی سفر میں نمایاں کمی کی ہے۔ ٹیموں کے لیے مسلسل میچز اور طویل سفر کا شیڈول گزشتہ چار سیزنز کے مقابلے میں سب سے ہلکا رکھا گیا ہے۔

مزید برآں، گزشتہ سیزن کے پلے آف مرحلے میں سڈنی سکسرز کو صرف چھ دنوں میں تین بار پرتھ کا طویل سفر کرنا پڑا تھا، جس سے بچنے کے لیے اس بار ‘چیلنجر’ اور ‘فائنل’ میچ کے درمیان ایک اضافی دن کا وقفہ رکھا گیا ہے۔

نئے شیڈول کے تحت کینبرا کو 3 جبکہ ملبورن کو 9 میچوں کی میزبانی دی گئی ہے، جن میں ملبورن کرکٹ گراؤنڈ (MCG) پر کھیلے جانے والے روایتی ملبورن ڈربیز بھی شامل ہیں۔ بگ بیش کے روایتی اور مقبول ترین مقابلے جیسے باکسنگ ڈے (Boxing Day)، نیو ایئر ایو (New Year’s Eve) اور نیو ایئر ڈے (New Year’s Day) کے میچز بھی اپنی جگہ برقرار رکھے گئے ہیں۔