دبئی(ویب ڈیسک): گرو نانک دربار گردوارہ دبئی میں سکھ کیلنڈر کے اہم ترین تہواروں میں سے ایک ‘بیساکھی’ عقیدت و احترام اور روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر سکھ کمیونٹی کی بڑی تعداد نے گردوارہ میں جمع ہو کر خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔
گردوارہ کے چیئرمین سریندر سنگھ کندھاری نے بیساکھی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار 1699 میں گرو گوبند سنگھ کے ہاتھوں ‘خالصہ پنتھ’ کی بنیاد رکھنے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ انہوں نے اسے ایمان، ہمت، مساوات اور بے غرض خدمت (سیوا) کے اقدار کی یاد دہانی قرار دیا۔
یو اے ای میں متعین بھارتی سفیر ڈاکٹر دیپک متل نے اپنی اہلیہ اور والدہ کے ہمراہ گردوارہ کا دورہ کیا اور کمیونٹی کے ساتھ مل کر پرارتھنا کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر متل نے سکھ برادری کو بیساکھی کی مبارکباد دیتے ہوئے انسانیت کی خدمت اور اتحاد کے جذبے کو سراہا۔
سریندر سنگھ کندھاری نے بھارتی سفیر کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں اور حکام کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کی بدولت تمام مذاہب کے لوگ یہاں خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای کی قیادت کا تحفظ اور تعاون یہاں کی کثیر الثقافتی زندگی کی روح ہے۔





