نیویارک: نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ (NYPD) نے ‘عرب امریکن ہیریٹیج منتھ’ (عرب امریکیوں کی ثقافت اور ورثے کا مہینہ) کی مناسبت سے پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں محکمہ پولیس میں خدمات انجام دینے والے عرب نژاد افسران کو ان کی بہترین کارکردگی پر اعزازات سے نوازا گیا۔

نیویارک پولیس کے مطابق، اس وقت محکمے میں تقریباً 600 عرب نژاد افسران فرائض سرانجام دے رہے ہیں، جو نیویارک شہر کے امن و امان اور کمیونٹی کی حفاظت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ تقریب کے دوران ان افسران کی تاریخ، قربانیوں اور محکمے کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا گیا۔

محکمہ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ عرب امریکیوں کی تاریخ اور ان کے تعاون کا جشن مناتے ہیں۔ یہ تقریب نہ صرف افسران کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہے بلکہ اس سے نیویارک کی متنوع ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کو بھی فروغ ملتا ہے۔
