پاکستان ویمن فٹبال ٹیم نے فیفا سیریز کے افتتاحی میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ترکس اینڈ کیکوس آئی لینڈز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-8 سے شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔
آئیوری کوسٹ میں جاری سیریز کے دوران پاکستان نے میچ کا آغاز انتہائی پراعتماد انداز میں کیا اور ابتدا سے ہی حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا۔ کھیل کے ابتدائی لمحات میں ہی پاکستان نے گول اسکور کر کے اپنی برتری واضح کر دی۔ دسویں منٹ میں زہمنہ ملک نے پہلا گول کیا، جس کے دو منٹ بعد اقصیٰ مشتاق نے دوسرا گول داغ کر اسکور 0-2 کر دیا۔
پاکستانی حملہ جاری رہا اور لیلیٰ بنارس نے شاندار انفرادی کوشش کے ذریعے تیسرا گول کیا، جبکہ پہلے ہاف کے اختتام سے قبل مریم محمود نے چوتھا گول اسکور کر کے برتری 0-4 تک پہنچا دی۔
دوسرے ہاف میں بھی پاکستان ٹیم نے مکمل کنٹرول برقرار رکھا۔ نادیہ خان نے ہیڈر کے ذریعے پانچواں گول کیا، جبکہ اقصیٰ مشتاق نے اپنا دوسرا گول اسکور کرتے ہوئے اسکور 0-6 کر دیا۔ اس کے بعد لیلیٰ بنارس نے بھی اپنا دوسرا گول کیا اور برتری مزید بڑھا دی۔
میچ کے 81ویں منٹ میں اسرا خان نے آخری گول اسکور کرتے ہوئے پاکستان کی تاریخی فتح کو 0-8 تک پہنچا دیا۔ پورے میچ کے دوران پاکستانی ٹیم نے حریف کو زیادہ تر اپنے ہاف تک محدود رکھا۔
یہ کامیابی پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی تاریخ کی سب سے بڑی فتح قرار دی جا رہی ہے، جس نے 2022 میں مالدیپ کے خلاف 0-7 کی فتح کا پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان میں ویمن فٹبال کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے اس جیت کو ملکی قیادت کے نام کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ملک کی قیادت امن کے لیے کردار ادا کر رہی ہے، اسی طرح کھلاڑیوں نے بھی میدان میں تاریخ رقم کی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیم آئندہ میچز میں بھی بہترین کارکردگی دکھائے گی اور پاکستان ویمن فٹبال کا سنہری دور شروع ہو چکا ہے۔
فیفا سیریز 16 اپریل تک جاری رہے گی، جس میں پاکستان اپنا دوسرا میچ 12 اپریل کو موریطانیہ جبکہ آخری گروپ میچ 16 اپریل کو میزبان آئیوری کوسٹ کے خلاف کھیلے گا۔
